اسلام آباد: پاکستان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ ابھی تک فعا ل ہے اور کام بھی کررہا ہے، ہم نے بند کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا-

باغی ٹی وی : ترجمان دفتر خارجہ چوہدری زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے اور ہم اسے مسلسل دیکھ رہے ہیں اورافغانستان میں پاکستانی شہریوں کو مدد فراہم کی جارہی ہے،کابل میں سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کئے ہیں۔

زاہد حفیظ نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ ابھی تک فعا ل ہے اور کام بھی کررہا ہے، ہم نے بند کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا مزید جو بھی اقدامات ناگزیر ہوئے وہ برقت کئے جائیں گےپاکستان افغانستان میں پھنسے تمام افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گا-

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی عوام کے لئے فکر مند ہیں پاکستان سے زیادہ افغانستان میں امن کا کوئی خواہاں نہیں ہےافغان دھڑوں کو پرامن طریقے سے مسئلہ حل کرنا چاہئے۔

اس سے قبل روس کی وزارت خارجہ کے اہلکار ضمیر کابلوف نے انٹرفیکس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ طالبان جنگجو دارالحکومت کابل ے مضافات میں پہنچ گئے ہیں اور ان کا ملک پر تقریباً قبضہ ہے مگر ایسے میں بھی روس کا کابل میں اپنا سفارت خانہ خالی کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔

کابلوف نے کہا کہ وہ کابل میں ماسکو کے سفیر کے ساتھ "براہ راست رابطے میں ہیں” اور یہ کہ روسی سفارت خانے کے ملازمین "پرسکون” کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور "انخلاء کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

جبکہ امریکی حکام نے کہا ہے کہ سفارتخانہ محدود سٹاف کے ساتھ کابل ایئرپورٹ سے اپنا کام جاری رکھے گا اور امریکہ نے کابل میں دیگر سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی مناسب جگہ پر محدود سٹاف کے ساتھ آپریٹ کریں افغان ملازمین سمیت امریکی سفارتخانے کے تمام لوگوں کو منگل سے پہلے نکالنے کے لیے چوبیس گھنٹے آپریشن جاری رہے گا –

واضح رہے کہ افغانستان میں دو ماہ تک جاری رہنے والی طالبان اور حکومتی فورسز کی لڑائی کے بعد طالبان آج دارالحکومت کابل میں داخل ہو رہے ہیں ، طالبان کی جانب سے اپنے جنگجوؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو لوگ کابل سے باہر جانا چاہتے ہیں انہیں محفوظ راستہ دیا جائے۔

قائم مقام وزیر داخلہ نے کہا کہ کابل پر حملہ نہیں کیا جائے گا، اقتدار پرامن طریقے سے منتقل ہو گا طالبان کا کہنا ہے لوگ ملک چھوڑ کر نہ جائیں، ہم انتقام لینے کا ارادہ نہیں رکھتے کابل میں تمام تجارتی ادارے اور بینک اپنا کام جاری رکھیں۔ تجارتی ادارے اور بینکوں میں کام کرنے والوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا-

Shares: