کام پر مت آنا ورنہ تمھاری لاش جائے گی

0
46

کراچی : کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن میں شریک افراد کو ڈرایا دھمکایا جانے لگا۔گجر نالے پر آپریشن میں شریک کرین آپریٹر کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔کرین آپریٹر نے بتایا کہ حسین نامی شخص نے جان سے مارنے کی دھکیاں دیں، فون پر کہا گیا کام پر مت آنا ورنہ تمہاری لاش جائے گی۔کرین آپریٹر دھمکی ملنے کے بعد تھانے کے چکر لگا لگا کر تھک گیا، روایتی پولیس کے رویے کے شکار محنت کش نے میڈیا سے رابطہ کیا۔
کرین آپریٹر نے کہا ہے کہ پاپوش نگر تھانے میں درخواست جمع کروا دی ہے ، میں ڈر کے مارے کام پر نہیں جا رہا پولیس حکام نوٹس لیں۔کرین آپریٹر یار محمد کے ایم سی کے ساتھ پرائیویٹ طور پر منسلک ہے۔خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں نالہ صفائی متاثرین کو 2سال تک ماہانہ 15ہزار روپے دینے کا فیصلہ کرلیا جبکہ متاثرین کو نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم میں رہائشی یونٹ بھی دیا جائے گا۔
منگل کو وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے مختلف نالوں کے متاثرین کی بحالی پر اجلاس کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تجاوزات ہٹانے سے 344 گھر گجر نالے اور 60 گھر اورنگی نالے جبکہ 6 فیکٹریز متاثر ہوئی ہیں۔ وفاقی حکومت سے 3 لاکھ کی سبسڈی لے کر 30ہزار یونٹ متاثرین کو دیے جائیں گے اور سندھ حکومت ہاسنگ پروجیکٹ کے لیے زمین دے گی۔

Leave a reply