کنگنا رناوت خبروں میں رہنے کے لیے اشتعال انگیز بیانات دیتی ہیں شبانہ اعظمی
بھارتی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے متنازع ہیروئن کنگنا رناوت سے متعلق اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کنگنا خبروں میں رہنے کے لیے اشتعال انگیز بیانات دیتی ہیں۔
باغی ٹی وی :بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور آئے دن نئے مقدمات اور تنازعات کا شکار رہتی ہیں۔کنگنا رناوت نے سوشانت سنگھ کی خود کشی کی وجہ بھارتی فلم انڈسٹری کو ٹھہرایا تھا –
کنگنا رناوت نے اسٹار کڈز سمیت بڑے ہدایتکاروں کو سوشانت سنگھ کی خودکشی کی وجہ قرار د یتے ہوئے دہشت گرد کہا تھا اور فلم انڈسٹری کو ’ڈرگ مافیا‘ کے نام سے پکارا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں بھارتی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے اپنے ایک انٹر ویو میں کنگنا رناوت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنگنا رناوت شہرت چھن جانے کے خوف میں مبتلا ہیں، اشتعال انگیز بیانات ہی کنگنا کو خبروں میں رکھتے ہیں۔
شبانہ اعظمی نے دوران انٹر ویو کنگنا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کنگنا رناوت وہ کام کریں جو وہ بہتر کر سکتی ہیں جیسے کہ اداکاری ۔
شبانہ اعظمی نے کہا کہ کنگنا رناوت اپنے بنائے ہوئے جھوٹ پر یقین کرنے لگ گئی ہیں کنگنا کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے انڈسٹری کو اقربا پروری اور عورتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا سکھایا ہے۔
انہوں نے کنگنا رناوت کو بے چاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کا خیال ہے کہ کنگنا رناوت اُس دن سے خوفزدہ ہیں کہ جس دن وہ خبروں کی ہیڈ لائنز میں نہیں ہوں گی اسی لیے خبروں میں رہنے کے لیے وہ اشتعال انگیز بیانات دیتی رہتی ہیں۔
شبانہ اعظمی نے مزید کہا کہ وہ مانتی ہیں کو فلم انڈسٹری میں مسائل موجود ہیں مگر سب کو ایک ہی صف میں لا کھڑا کرنا ناانصافی ہے۔