کپل شرما تصاویر کھینچنے پر فوٹوگرافرز پر برس پڑے
بھارتی معروف کامیڈی شو دی کپل شرما شو کے میزبا ن، کامیڈین و اداکار کپل شرما تصاویر کھینچنے پر فوٹوگرافرز پر برس پڑے اور گالی دے دی۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈین کپل شرما کی سوشل میڈیا پر وہیل چئیر پر بیٹھی تصویر اور ویڈیو نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے تاہم ابھی تک خود کپل یا ان کے کسی دوست کا اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
بھارتی میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ کامیڈین نے اپنے آپ کو زخمی کرلیا ہے تاہم ایسا کیوں ہوا اس سے متعلق بھی ابھی تک کچھ نہیں پتہ چل سکا۔
کامیڈین کی وہیل چئیر پر ویڈیو نے جہاں سب کو پریشان کردیا ہے وہیں خود اداکار بھی اس وقت خبروں کی زینت بن گئے جب ائیرپورٹ سے واپسی پر فوٹوگرافرز نے وہیل چئیر پر جاتے کپل کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کپل شرما کو ایک شخص ائیرپورٹ سے وہیل چئیر پر بٹھا کر لے جارہا ہے اسی دوران جب فوٹوگرافرز نے ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو کپل آپے سے باہر ہوگئے اور فوٹوگرافرز کو گالی دیتے ہوئے کہا کہ ہٹو یہاں سے تم سب جس پر وہاں موجود فوٹوگرافر نے ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالی-
سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں فوٹو گرافرز کا کہنا تھا کہ کپل آپ ہمیں گالیاں دیں لیکن ہم آپ کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔