کراچی:24 گھنٹوں میں اسٹریٹ کرائمزکی 84 وارداتیں

0
35

کراچی :گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 84 اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے جرائم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر میں 84 اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوئیں جن میں 5 ڈکیتیاں، 3 کار چوری، 70 موٹرسائیکل چوری اور 6 موٹرسائیکل چھیننے کی واردات شامل ہیں۔ جبکہ کورنگی میں مزاحمت پر ایک شخص رمیز زخمی ہوا۔

ایڈیشنل آئی جی نے یہ بھی بتایا کہ شہر بھر میں 3 پولیس مقابلوں میں آٹھ اسٹریٹ کرمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ 6 دیگرجرائم پیشہ افراد کو رنگے ہاتھ گرفتار کیا گیا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 77 ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ، چرس، موبائل فون، گاڑیاں اور نقدی برآمد کی گئی۔

ادھرکمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز نے آٹے کے سرکاری نرخ نافذ کرنے کے لیے شہر کے 85 دکانداروں کے خلاف کاروائی کی ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق کارروائی میں آٹھ دکانیں سیل کی گئیں جبکہ مجموعی طور پر تین لاکھ 97 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

تمام ڈپٹی کمشنرز نے آٹے کے نرخ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ کمشنر کو پیش کی ہے جس کے مطابق ضلع جنوبی میں 24 دکانداروں ،ضلع شرقی میں تیس ،ضلع غربی میں گیارہ ،وسطی اور ملیر کے اضلاع میں دس دس دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ضلع جنوبی میں دو لاکھ بائیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے آٹے کے مقرر کردہ نرخ نافذکر نے کی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a reply