کراچی:کراچی پھر لہولہان ہوگیا:گاڑی کا سلنڈر پھٹ گیا، 10 افراد جاں بحق ،اطلاعات کے مطابق شہر قائد میں گاڑی کا سلنڈر پھٹ گیا جس کے باعث 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ میں گاڑی میں سلنڈر دھماکا ہوا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سلنڈر دھماکے کے باعث 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 7 افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین نے بتایا ہے کہ دھماکے کی مزید جانچ پرتال کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ طلب کیا گیا، یہ سلنڈر دھماکا ہے، سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا۔
دھماکے کے بعد پولیس رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل موٹروے پولیس نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گیس سلنڈر والی گاڑیوں کے اہم شاہراہوں پر چلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کمرشل گاڑیوں میں سے گیس سلنڈر ہٹانے کا بھی حکم دیدیا گیا ہے۔ گاڑیوں میں سی این جی کیساتھ ساتھ ایل پی جی سلنڈر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ گیس سلنڈر نہ اتارنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی موٹرویز کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیوں کو بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ غیر قانونی اقدامات سے انسانی زندگیوں کو داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا۔