پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، شہر پر ڈاکوئوں کا راج ہے روزانہ ڈاکو لوٹ مار، اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں کو گولیاں مار دیتے ہیں ، کراچی کے شہری آئے روز اپنی نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم ہوجاتے ہیں، سندھ پولیس صوبائی حکومت کے وزیروں کی سیکورٹی میں مصروف ہے ان کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے کوئی سروکار نہیں ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ لوٹ مار کی وارداتوں میں ڈکیت غریب شہریوںکو زخمی کر دیتے ہیں مزاحمت یا بائیک نہ روکنے پر معصوم شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں یا ان پر فائرنگ کر دیتے ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے اس شہر میں ریاست یا قانون نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے ، شہریوں کے جان مال کی ذمہ داری ریاست کی ہوتی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ سمیت تمام صوبائی وزراء خواب خرگوش کے مزے لینے اورکرپشن کے لئے نئے راستے ڈھونڈنے میں مصروف رہتے ہیں، کراچی کے شہر ی اپنے ہی گھروں میں اب اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں اپنے گھروں کے باہر نکلتے ہیں تو ڈکیت ان کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیتے ہیں اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ معصوم شہری جب اپنی فریاد لیکر پولیس کے پاس جاتے ہیں تو وہ لوگ بھی دلاسے اور آسرے دیکر روانہ کردیتے ہیں عملی کاروائی نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے کی سیکورٹی ،تعلیم، انفراسٹریکچر سمیت تمام معاملات صوبائی حکومت کے پاس منتقل ہوچکے ہیں پیپلز پارٹی گزشتہ تین دہائیوں سے سندھ میں اقتدار پر براجمان ہے لیکن سندھ حکومت نے صوبے کی عوام کے لیئے کچھ بھی نہیں کیا اور نہ ہی یہ لوگ عوام کی بہتری کے لیئے کچھ کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے اقدامات کر رہی ہے اس وقت شہر میں اسٹریٹ کرائمز، لوٹ مار اور ڈاکو راج قائم ہے ۔

Shares: