کراچی کے سپر اسٹور میں آتشزدگی کا واقعہ ، سندھ حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی

کراچی : سندھ حکومت نے جیل چورنگی پر سپر اسٹور میں آتشزدگی کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے مطابق بلڈنگ میں آگ لگنے کا واقعہ افسوسناک ہے، بلڈرز جب پزیشن لیتے ہیں نقشے میں فائر فائٹنگ کے آپشن دیتے ہیں ، کچھ بلڈرز ریکوائرمنٹ پوری نہیں کرتے۔
میڈیا سے گفتگومیں ،شرجیل میمن نے کہاکہ ایسے واقعات پر وزیراعلی سندھ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے پر انکوائری کمیٹی بنادی ہے ، رپورٹ کی روشنی میں ایسے واقعات سے بچنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔آگ لگنے کی وجہ سے جن کا نقصان ہوا ان کا ازالہ بھی کیاجائے گا اور بلڈنگ کو دوبارہ چیک کیا جائے گا کہ رہنے کے قابل ہے یا نہیں.
خیال رہے کراچی کی جیل چورنگی پر سپر اسٹور میں چوبیس گھنٹے بعد بھی آگ پر مکمل قابونہ پایا جا سکا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عمارت کو مخدوش قرار دے دیا۔

فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک بیسمنٹ میں لگی آگ کوبجھانے کی کوشش جاری ہے، آگ کی شدت سے گرائونڈ فلور کا کچھ حصہ بھی متاثرہوا ہے، دھویں کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔حکام نے کہا کہ بلڈنگ کے چوتھے فلورتک آگ پہنچنے کی اطلاعات غلط ہیں، بیسمنٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ سے دھواں کئی منزلوں تک پہنچ چکا ہے۔دوسری جانب ٹریفک حکام نے اطراف کی اہم سڑکوں کورکاوٹیں کھڑی کرکے بندکردیا، کشمیر روڈ سے جیل چورنگی آنے والی سڑک اور شاہراہ قائدین سے جیل چورنگی جانیوالی سڑک بند کردی گئی ہے۔

Comments are closed.