کراچی کے ساحل پر کھڑے جہاز کو نکالنا حکومت کو مہنگا پڑ گیا، جہاز کو نکالنے کیلئے آنے والی کرین بھی ریت میں دھنس گئی، کرین کو بیلنس کرنے کیلئے باندھی گئی رسیاں ٹوٹنے سے نئی مصیبت کھڑی ہونےکا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو نکالنے کے لیے منگوائی گئی کرین شپ خود بڑی مصیبت میں‌ پھنس گئی ہے۔
سی ویو پر پھنسے جہاز ہینگ ٹینگ کو نکالنے کا معاملہ اور الجھ گیا، جہاز کو نکالنا جہاز کے مالک کو بھی مہنگا پڑ گیا ہے، کیوں کہ مدد کے لیے منگوائی گئی کرین جہاز خود ریت میں پھنس گیا ہے۔کے پی ٹی کے مطابق کرین شپ سمندری لہروں کا مقابلہ نہ کر سکی تھی، کرین کو بیلنس کرنے کے لیے باندھے گئے جوڑ اور رسیاں بھی ہوا کے دباؤ سے ٹوٹ گئیں۔
دوسری طرف جہاز کو نکالنے کے لیے منگوائی گئی ٹگ بوٹ بھی اونچی لہروں کے باعث جہاز کے قریب نہ پہنچ سکی تھی، بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن آج دوسری کوشش میں بھی ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد روک گیا گیا ہے۔

جمعرات کی صبح جہاز کو نکالنے اور چینل کی طرف منتقل کرنے کے لیے یہ آپریشن دوبارہ شروع ہوگا، آپریشن صبح دس سے بارہ بجے کے درمیان کیا جائے گا۔قبل ازیں، سمندر کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے کرین شپ کو جہاز کے قریب پہنچایا گیا تھا، کرین میں اسٹاف اور مزدور بڑی تعداد میں موجود تھے، بتایا گیا تھا کہ جہاز کے کنڈوں پر رسی اور زنجیریں باندھ کر جہاز کو پورٹ کی طرف کھینچا جائے گا، جب کہ کرین شپ کو متوازن رکھنے کے لیے شاول کے ذریعے کرین کے مختلف حصوں کو باندھا گیا۔
کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں۔جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آ گیا۔ ساحل پر پھنسنے والے جہاز ہینگ ٹانگ 77کو نکالنے کے لیے ڈائریکٹرجنرل پورٹ اینڈ شپنگ نے سیلویج پلان کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے بعد کراچی کے ساحل کلفٹن کے قریب خشکی پر دھنسنے والے مال بردار بحری جہاز کو نکالنے کے لیے اطراف سے ریت اور مٹی ہٹانے کا کام شروع کیا گیا۔
کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ 77کو نکالنے کا کام منگل کو خراب موسم کے باعث مکمل نہیں کیا جا سکا۔،ریسکیو آپریشن کے دوران ٹیمیں جہاز کا رخ سمندر کی جانب کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں،تاہم خراب سمندری موسم کے باعث سی میکس کمپنی کے ٹگز ہاربر سے نہ نکل سکے اور آٓپریشن ملتوی کرنا پڑا ،بتایا گیا ہے کہ اب جہاز کو نکالنے کی دوسری کوشش بدھ کے روز کی جائیگی۔

Shares: