کراچی میں ڈینگی سے مزید 2 اموات، شہر میں رواں ماہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 4 ہوگئی.
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے 2 اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال اب تک ڈینگی سے اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ کراچی میں رواں ماہ ڈینگی سے 4 افراد انتقال کرگئے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ 5 ہلاکتیں جنوری، فروری، مارچ اور اپریل میں ہوئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 125 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی میں مبتلا 115 مریضوں کا تعلق کراچی کے مختلف اضلاع سے ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1066 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع سے ایک ماہ میں 32 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق سال بھر میں صوبے بھر کے 3667 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔
ملک میں ڈینگی بخار وبائی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے اور اس کے علاج کے حوالے سے ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ پپیتے کے پتوں کے عرق کا ڈینگی کے علاج میں کوئی کردار نہیں، ٹوٹکوں کے استعمال سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے مریض کی جان بھی جاسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ پپیتے کے پتوں کے عرق سے پلیٹلیٹس کی تعداد میں اضافے کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں، اس سے الٹا سخت ڈائریا ہوسکتا ہے جو کچھ مریضوں کیلئے مہلک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔