کراچی میں رات بھر بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقے زیرآب آگئےہیں کے ایم سی کا عملہ پمپنگ مشینوں کی مدد سے پانی کی نکاسی بھی کر رہا ہے۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق رات بھر بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ مختلف علاقوں میں سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں خراب ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے برساتی پانی سے شہر کی گلیاں، محلے پانی کے جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگے، پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا ہے۔
جبکہ بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی-
کراچی(سعدی ٹاؤن 81 ، گلشن حدید 73 ، فیصل بیس 70 ، یونیورسٹی روڈ 69 ، ایئرپورٹ ، ماڈل آبزرویٹری 61 ، جناح ٹرمینل 57 ، نارتھ کراچی 49 ، سرجانی 39 ، قائد آباد 35 ، مسرور بیس 34 ، اورنگی ٹاؤن 33 ، ڈی ایچ اے ، ناظم آباد 21 ، کیماڑی 17) ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4 سالہ بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں کلفٹن کے علاقے شاہ رسول کالونی میں بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے نتیجے میں 4 سالہ بچی تانیہ جاں بحق ہو گئی تانیہ کے والد کے مطابق بدقسمت تانیہ گھر کے باہر بارش کے پانی میں کھیل رہی تھی، 4 سالہ بچی پہلی جماعت کی طالبہ تھی شام کے وقت کھمبے پر اسپارک ہوا تھا تاہم شکایت کرنے کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کارروائی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن کے علاقے عابد آباد کے گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت یاسین کے نام سے کر لی گئی ہے۔
کراچی:پانی پانی ہوگیا:کمشنرکراچی اورایڈمنسٹریٹرکراچی کے دورے:عوام الناس کی خبرگیری…
لیاقت آباد شریف آباد کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 50 سالہ محمد صابر کے نام سے کی گئی۔
جبکہ لائٹ ہاؤس چپل گلی کے قریب ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، متوفی کی شناخت 45 سالہ ساجد لودھی کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متوفی چپل گلی میں بجلی کے بلب چوری کر رہا تھا، بارش کے باعث جگہ گیلی تھی جس کی وجہ سے اسے کرنٹ لگا اور اس کی فوری طور پر موت واقع ہو گئی۔
دوسری جانب کراچی میں صبح سویرے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہےمحکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
بارش کی پیش گوئی کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں آج تمام نجی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ کراچی انٹر بورڈ کے آج ہونے والے امتحانات منسوخ کردیئے گئے، بارہویں جماعت کے آج ہونے والے پریکٹیکلز بھی ملتوی کیے گئے ہیں۔