کراچی:میٹرک جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

کراچی :ثانوی تعلیمی بورڈ نے دہم جماعت جنرل گروپ (ریگولر و پرائیویٹ) اور سماعت و گویائی سے محروم طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات نہم و دہم 2022ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایات اور قائم مقام سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق کی بھرپور معاونت وماہرانہ مشاورت سے قائم مقام ناظم امتحانات عمران طارق نے طلباء و طالبات کے وسیع تر مفاد کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے صوبہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں سب سے پہلے جماعت دہم جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ اور سماعت و گویائی سے محروم طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات نہم و دہم برائے سال 2022ء کے نتائج کے اجراء کا اعلان کر دیا۔

اعلامیے کے مطابق نتائج ثانوی بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس bsekلکھ کر اسپیس دیں اور اپنا رول نمبر لکھ کر 8583 پر بھیج کر دیکھے جاسکتے ہیں۔

جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں 16 ہزار 880 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 16 ہزار 454 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ نتائج کے مطابق جنرل گروپ میں باغِ ہالار گرلز سیکنڈری اسکول نشتر روڈ کی مدحت بنت محمد اسلم رول نمبر 554226 نے 92 فیصد نمبرز حاصل کے ساتھ پہلی، ٹریو گائیڈ گرامر سیکنڈری اسکول لیاری کی حافظہ منہال اعجاز پاریکھ بنت اعجاز رو ل نمبر 556222 نے 91.63 فیصد نمبرز حاصل کرکے دوسری جبکہ سٹیزن سیکنڈری اسکول گرلز کیمپس باتھ آئی لینڈ کی حبا ضیاء بنت محمد ضیاء الرحمٰن رول نمبر 554268 نے 91.27 فیصد نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

جنرل گروپ ریگولر میں 11 ہزار 258 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں 2976 طلباء اور 8282 طالبات شامل ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 76.72 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 255 اے ون گریڈ، 1438 اے گریڈ، 2563 بی گریڈ، 2781 سی گریڈ، 1363 ڈی گریڈ اور 68 نے ای گریڈ حاصل کیا۔

پرائیویٹ جنرل گروپ میں 5622 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 5417 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 3912 طلباء اور 1710 طالبات شامل ہیں۔ پرائیویٹ گروپ میں کامیابی کا تناسب 55.34 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 36 اے ون گریڈ، 233 اے گریڈ، 824 بی گریڈ، 1137 سی گریڈ، 586 ڈی گریڈ اور 30 نے ای گریڈحاصل کیا۔

میٹرک امتحانات میں تمام جنرل ریگولر اور پرائیویٹ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 69.69 فیصد رہا۔

ثانوی بورڈ کے مطابق سماعت و گویائی سے محروم خصوصی طلباء و طالبات میں کمل کمار ولد اشوک کمار نے 90.8 فیصد نمبرز کے ساتھ پہلی، مریم عزیز بنت عزیز احمد نے 89 فیصد نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ فرح بنت اسرار احمد نے 88.8 فیصد نمبرزکے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، تینوں پوزیشن ہولڈرز کا تعلق ابصاء اسکول ڈیفنس کورنگی روڈ سے ہے۔

صوبہ بھر میں قلیل مدت میں سب سے پہلے نتائج کے اجراء پر چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے ناظم امتحانات کی شب و روز محنت اور قائم مقام سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق کی ماہرانہ مشاورت کو سراہتے ہوئے تعریفی کلمات ادا کئے جبکہ رزلٹ کمیٹی کے تمام اراکین نے قائم مقام ناظم امتحانات عمران طارق کیلئے تعریفی سند بھی جاری کی۔

Comments are closed.