باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد کراچی میں گیس بندش کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا
جاری ہونے والے نئے شیڈول کے مطابق کراچی میں سی این جی اسٹیشنز آج سے کھولنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے،سوئی گیس انتظامیہ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام آر ایل این جی اور سی این جی اسٹیشنز کھول دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اکثر پیر کو گیس اسٹیشنز بند کیےجاتے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے اکثرعلاقوں میں گیس پریشر میں کمی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کا بحران شدت اختیار کرنے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گیس پریشر میں کمی کے باعث ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، کورنگی، اورنگی ٹاؤن،اولڈ سٹی ایریا، سائٹ اور ملیر کےعلاقے میں گھریلوصارفین مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
گیس بحران کے دوران شہر میں سی این جی اسٹیشن تو کھلے ہیں لیکن پریشر میں کمی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں گیس نہیں آ رہی، گیس کو ترس گئے ہیں، سردیوں میں حکومت کی جانب سے گیس نہ ملنا حکومتی نااہلی ہے
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گیس کی غیر منصفانہ تقسیم کا مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھانےکا کہا تھا تاہم اس حوالے سے بھی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے