ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ سماجی و فلاحی تنظیموں نے تعلیمی و طبی شعبے میں شہریوں کی بہترین خدمت کی ہے اور اپنی مثبت سرگرمیوں کی بدولت لوگوں کا اعتماد حاصل کیا ہے- بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں مصروف عمل ایسے تمام اداروں کے تعاون سے کراچی کو ایک بہتر شہر بنانے کے لئے پرعزم ہے- یہ بات انہوں نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کے روز ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت شہر میں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں، انہوں نے کہا کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت 500 سے 600 تک یتیم بچوں کو انگلش میڈیم اسکولوں میں تعلیم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ یتیم بچوں کے لئے میرا گھر،سینئر سٹیزن کے لئے گوشہ امیر حمزہ، بے سہارا خواتین کے لئے گوشہ خاتون جنت کے نام سے 3 یتیم خانے تعمیر کئے گئے جبکہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت اسپتال اور شفاء خانے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ہیں جہاں سے بڑی تعداد میں شہری مستفید ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلد یہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں کو بہتر بنانے اور شجرکاری کے لئے کی جانے والی کوششیں قابل قدر ہیں اور اس حوالے سے ہرممکن تعاون کرنا چاہتے ہیں-
ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے حاجی محمد حنیف طیب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی پر مامور شہر کا مرکزی ادارہ ہے لہٰذا یہ ادارہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، ابتدائی طور پر موجودہ انفراسٹرکچر کو ہی ٹھیک کیا جا رہا ہے جس کے بعد مزید منصوبوں پر کام شروع ہوگا، انہوں نے کہا کہ شہر کے قبرستانوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے سماجی و فلاحی تنظیموں کی شمولیت سے مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں کیونکہ یہ شہر کی ایک اہم ضرورت ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بڑے شہروں میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیاں چیلنج بن کر سامنے آرہی ہیں جن سے نمٹنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے لہٰذا عنقریب بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کر رہے ہیں جس کے دوران 70 ہزار پودے لگائے جائیں گے اور ان کی نگہداشت کا بھی انتظام کیا جائے گا، اس حوالے سے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی تعاون کرے انہوں نے کہا کہ شہر میں بہتری کے لئے شروع کئے جانے والے کاموں میں سماجی و فلاحی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جسے کراچی کے لئے نیک فال کہا جاسکتا ہے۔