کراچی میں بارشوں کا رواں سال کا سب سے تگڑا سلسلہ شروع ہونے کو

کراچی میں بارشوں کا رواں سال کا سب سے تگڑا سلسلہ شروع ہونے کو، شہر قائد کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارشیں ہونے کا الرٹ جاری، متعلقہ حکام کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بارشوں کے تگڑے سلسلے کے آغاز سے متعلق محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں 16 جون سے پری مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا جس کے تحت 17 تا 19 جون کو کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارشیں ہوں گی۔ یہ ممکنہ طور پر کراچی میں رواں سال کے دوران اب تک کا سب سے تگڑا بارشوں کا سلسلہ ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق 16 جون کو سکھر سمیت بالائی سندھ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ اسی روز کراچی میں آندھی اور گرج چمک کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون سیزن کے باقاعدہ آغاز کی تاریخ بھی بتا دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں جون کے آخری ہفتہ سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کاپہلااسپیل 27جون سے 30جون تک متوقع ہے اور رواں سال بھی معمول سے زیادہ بارشوں کاامکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی میں معمول سے کچھ زائد جبکہ پنجاب کے شمالی علاقوں میں مون سون کی زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے بیشتر علاقے سال کے سب سے گرم مہینے جون کے آغاز کے بعد سے قیامت خیز گرمی کی لپیٹ میں رہے، تاہم گزشتہ 2 روز کے دوران مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ جبکہ ملک میں آنے والے دنوں میں بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔

Comments are closed.