کراچی میں ایک بد بخت بیٹے نے جائیداد کی لالچ میں اپنے باپ کو پتھر مار کر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن زیرو پوائنٹ سے 3 جولائی کی رات 50 سالہ زرم خان کی سر کچلی ہوئی لاش ملی تھی قتل کے واقعے کو بیٹے نے ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد کی لالچ میں بیٹے نے باپ کو پتھر مار کر قتل کیا۔
لیکن ملزم نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا تھا کہ اس کے والد کو نامعلوم ملزمان نے پتھر مار مار کر قتل کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں پتا چلا کہ مدعی مقدمہ بیٹا ہی باپ کا قاتل ہے، قاتل بیٹے نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مدعی مقدمہ نے ایف آئی آر میں اپنا غلط نام لکھوایا جبکہ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو اس کے بیٹے عجب خان نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر قتل کیا جو کہ جائیداد ہتھیانا چاہتا تھا۔
ملزم نے دوست کی مدد سے والد کو زیرو پوائنٹ پر بلوایا تھا، جہاں اس نے اپنے باپ کو قتل کر دیا۔ پولیس نے تمام شواہد کی روشنی میں مقتول کے بیٹے ملزم عجب خان کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دوست ریاض کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایسا ہی ایک واقعہ نیو کراچی کے علاقے سیکٹر الیون ڈی میں پیش آیا تھا جہاں بدبخت بیٹے نے جائیداد کے تنازع پر باپ کو قتل کردیا تھا۔

کراچی میں بد بخت بیٹے نے باپ کو پتھر مار کر قتل کر دیا
Shares: