کراچی میں گھر کے واٹر ٹینک میں دھماکہ 6 افراد زخمی

0
38

کراچی : کراچی میں گھر کے واٹر ٹینک میں ہونے والے گیس دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی شرقی کے علاقے سچل میں پیش آیا جہان ایک زیرِ تعمیر مکان کے پرانے اور بند زیرِ زمین واٹر ٹینک کی مرمت کے دوران گیس کے دھماکے سے 6 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے مستری کی حالت تشویش ناک ہے ۔
ایس ایچ او سچل گوٹھ اورنگزیب خٹک نے بتایا ہے کہ مطابق غازی گوٹھ کے بلاک ون میں غلام مجتبیٰ نامی شخص نے اپنے گھر کے پانی کے زیرِ زمین ٹینک کی مرمت کے لیے مزدور اور مستری بلوائے ، مستری اور مزدور پانی کے ٹینک کا ڈھکن اٹھا کر کام کے لیے نیچے اترے ، اندھیرا ہونے کی وجہ سے انہوں نے ماچس کی تیلی جلائی تو وہاں قدرتی گیس جمع ہونے کی وجہ سے زوردار دھماکہ ہو گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں عابد حسین ، عبدالرزاق، جمن ، غلام مصطفیٰ ، گھر کا مالک غلام مجتبیٰ ، غلام مصطفیٰ اور محمد احمد جھلس کر زخمی ہو گئے ، تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں مستری عابد حسین کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ واضح رہے 18 دسمبر2021ء کو کراچی کے علاقے شیر شاہ کے پراچا چوک پر ایک عمارت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے تھے ، کراچی شیرشاہ دھماکے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے ابتدائی رپورٹ جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شیرشاہ میں نالے پر قائم بینک عمارت میں سیوریج لائن میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکہ ہوا، دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
علاقے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ظفرعلی شاہ نے بتایا کہ بینک کی عمارت نالے پر تعمیر تھی جنہیں کچھ عرصے قبل نوٹس دیا گیا تھا کہ نالے کی صفائی کے لیے بینک کو خالی کردیں ، شیر شاہ دھماکے میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد بھی جاں بحق ہوئے تھے، عالمگیرخان کے والد کراچی کی کاروباری شخصیت ہیں، وہ ہیوی ڈیوٹی مشینری کا کاروبار کرتے تھے، جب دھماکا ہوا اس وقت وہ کسی ٹرانزیکشن کے سلسلے میں بینک میں موجود تھے ۔

Leave a reply