ایڈمنسٹریٹر کراچی ،سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں لاک ڈائون کے حوالے سے نئے نوٹیفکیشن میں شہریوں کو خاصا ریلیف دیا جائے گا لیکن کچھ سختیاں بدستور رہیں گی،نوٹیفیکیشن کل جاری ہو جائیگا، کراچی میں کوویڈ جس تیزی سے جارہا تھا اللہ کا شکر ہے لاک ڈائون کے باعث صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی کہ کراچی میں ایک دن کے اندر دو لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہو، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو افغان گرائونڈ فیڈرل بی ایریا میں ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میزان بینک کے صدر عرفان صدیقی، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، مرتضی وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سم بند کرنے کا فیصلہ گیم چینجر ثابت ہوا لوگوں کو جان کی پرواہ نہیں ہے سم کی ہے، انہوں نے کہا کہ شہری ہمارا ساتھ دیں تو ویکسین کی شرح کو اور بھی بڑھا سکتے ہیں، جلد ہی ڈیفینس میں ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کا آغاز کردیا جائے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد ہے اس دوران جہاں پر مجالس ہونگی اور ذاکرین خطاب کریں گے وہاں ایس او پیز کو یقینی بنایا جائے، تمام افراد ویکسی نیشن کرائیں اور ماسک کا لازمی استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ میرا ٹارگیٹ خدمت ہے اور اپنے شہر میں مثبت تبدیلی لانے کی بھر پور کوشش کی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہا کہ شہر میں فوری تبدیلی نہیں آسکتی اس کے لئے کچھ وقت درکار ہوگا اور شہری جلد ہی بہتر محسوس کریں گے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں دو لاکھ 31 ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی گئی جبکہ ایک ہفتے پہلے یومیہ 50 سے 55 ہزار لوگوں کو ویکسی نیشن دی جارہی تھی، انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے کارکنوں کو ہدایت دیں کہ وہ ماسک لازمی طور پر پہنیں اور ہر کارکن اپنے آپ کو ویکسین لگوائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی، کورنگی، ملیر، سائوتھ اور شہر کے دوسرے مقامات پر فیومیگیشن کی جائے گی تاکہ عید الاضحی اور مون سون سیزن میں مکھیوں اور مچھروں کی افزائش نہ ہو پائے، انہوں نے کہا کہ میں مخالفت پر یقین نہیں رکھتا اور لوگوں کی مدد سے کام کروں گا اور شہر کی خدمت کے جذبے سے ہم آگے بڑھیں گے ۔

کراچی میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے نئے نوٹیفکیشن میں شہریوں کو خاصا ریلیف دیا جائیگا : مرتضی وہاب
Shares: