کراچی میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

0
42

کراچی: شہر قائد میں سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سبزیوں کی بھر مار کے باوجود شہر میں بہت کم سبزیاں 100 روپے یا اس سے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹماٹر کی ایک بار پھر قلت ہے اور ٹماٹر 200 سے 240 روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے، سیزن کے باوجود گاجریں 80 روپے کلو، مولی 80 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے جبکہ مٹر 300 روپے کلو میں دستیاب ہے۔

سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے ترسیل کی لاگت بڑھ گئی ہے، سندھ سے زیادہ بلوچستان سے سبزیاں آرہی ہے جن کی ترسیل کی لاگت زیادہ ہے۔
سبزی فروشوں کے مطابق زیادہ تر گاہک دام پوچھ کر چلے جاتے ہیں 10 میں سے 2 سے 3 گاہک ہی خریداری کرتے ہیں، ٹماٹر کلو کے بجائے ایک پاؤ خریدتے ہیں، اسی طرح دیگر سبزیوں کی خریداری بھی محدود ہوچکی ہے، شہر میں آلو کی نئی فصل کی پیداوار 80 روپے کلو فروخت ہورہی ہے جبکہ پرانا آلو بھی 50 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

دوسری جانب سبزی منڈی میں پیاز کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود چھوٹے سائز کی پیاز 40 روپے اور بڑی پیاز 60 سے 70 روپے کلو فروخت ہورہی ہے، ہری مرچ 200، لہسن 280، ادرک 320، لیموں 220 روپے کلو ہوگیا، مٹر 300، ہری پیاز 240، ٹنڈہ 200، شملا مرچ 180 روپے کلو میں بکنے لگی۔ لوکی 80، پھول گوبھی 100، بند گوبھی 100، بھنڈی 180 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ گاجر 80 سے 100، مولی 80، کریلا 120، پالک 80، بینگن 80، شلجم 120، چقندر 120 روپے کلو بیچی جارہی ہے۔

Leave a reply