کراچی مواچھ گوٹھ دھماکا،دہشتگردوں کے سر کی قیمت 50 لاکھ مقرر

کراچی کے علاقے مواچھ موڑ دھماکے میں 13 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں ملوث ‏دہشتگردوں کے سر کی قیمت 50لاکھ روپے مقرر کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے ان کے سر کی قیمت مقرر کر دی ‏گئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری اورانعام سےمتعلق اشتہارات دیئےجائیں گے۔

تفتیشی اداروں نے مواچھ موڑ کیس میں مزید سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہیں۔ ویڈیو میں ‏گاڑی کو مختلف سڑکوں پرجاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک سڑک پر شہزور گاڑی جیسے ہی آگے گئی تو زور دار دھماکا ہوا۔ گاڑی کے پیچھےموٹرسائیکل ‏پر3مبینہ دہشتگردوں کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ‏

تفتیشی اداروں کی جانب سے کیس پر کام مزید تیز کردیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کو ‏آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

پولیس نے بلدیہ ٹاؤن کے مواچھ گوٹھ میں دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج ‏کیا ہے، مقدمہ معراج محمد خان کی مدعیت میں تھانہ مدینہ کالونی میں درج کیا گیا ، مقدمے ‏میں دہشت گردی ، ایکسپلوزوایکٹ، قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

یاد رہے مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملے میں دو بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے ‏تھے، ایس پی بلدیہ نے بتایا تھا کہ گاڑی میں بیس سے پچیس افراد سوار تھے.

خواتین اوربچوں کی ‏تعداد زیادہ تھی، متاثرہ خاندان لانڈھی شیرپاؤ کالونی کا رہائشی ہے جو کہ شادی کی تقریب ‏سےواپس آرہےتھے کہ بلدیہ مواچھ موڑپر موٹر سائیکل سوار نےکریکر پھینکا، واقعے کے بعد منی ‏ٹرک کےڈرائیورکوحراست میں لے لیا ہے۔

Comments are closed.