کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی، ہولڈنگ اور سائن بورڈ اتارنے کے احکامات جاری
شہر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام ہولڈنگ بورڈ،اسٹیمر،سائن بورڈ اتارنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں اورتیزہواؤں کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلع سینٹرل میں تمام ہولڈنگ بورڈ، اسٹیمر ، سائن بورڈ اتارنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔
ضلع سینٹرل ڈی ایم سی ایڈورٹائزنگ شعبےنےتمام کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے تھے ، تاہم ابھی تک سائن بورڈ اسٹیمراورہولڈنگ بورڈ ہٹائے نہیں گئے۔
خلاف ورزی کرنے پر ڈی ایم سی کی جانب سے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے لیکن ضلع ایسٹ،ضلع ویسٹ اور ضلع ساوتھ میں سائن بورڈ ہٹائے نہ جاسکے۔
سپریم کورٹ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت کے باوجود عمل درآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا، شہر میں بارشوں سے قبل ہی تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں 15 جولائی سے بارشوں کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پہلے اسپیل کا دورانیہ 15 سے 17 جولائی تک ہونے کا امکان ہے اور اس اسپیل میں درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔