کراچی میں کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 17 مزدور جاں بحق

کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 17 مزدور جاں بحق جب کہ فائر بریگیڈ کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی.

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کا عملہ فیکٹری پہنچ گیا اور آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں تاہم آگ اس قدر شدید تھی کہ فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کرلیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری کے اندر متعدد مزدوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ فیکٹری کے اندر دھواں بھر جانے کے باعث مزید افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے،اس لئے فیکٹری کی دیواریں گرانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے اب تک 13 مزدوروں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ زخمی ہونے والے مزدوروں میں سے مزید 4 دم توڑ چکے ہیں، فیکٹری میں دھویں کے باعث اندر جانا ممکن نہیں جب کہ 2 فائر فائٹرز بھی کارروائی کے دوران عمارت سے گرنے سے شدید زخمی ہوگیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے 5 افراد کی شناخت سلمان، فرمان، علی، حسن اور فرحان کے نام سے ہوئی ہے، علی، حسن، فرمان اور فرحان ایک ہی خاندان کے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور محکمہ لیبر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے جاں بحق مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مدد کرنے اور زخمیوں کا علاج کرانے کی ہدایت کی ہے۔

Comments are closed.