کراچی میں ایک مرتبہ پھر بارش کا سلسلے کا آغاز ہوگیا جس سے شہر میں حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

شہر کے علاقے لانڈھی، صدر، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ سمیت شارع فیصل پر مختلف مقامات پر بارش جاری ہے۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید ابر رحمت کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شہر میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ بارش برسانے والا سسٹم بحیرہ عرب اور بھارتی ریاست گجرات پر ابھی بھی موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کی وجہ سے کراچی میں آئندہ 2 روز تک شدید گرمی اور حبس رہے گا۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ آج اور کل بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بارش برسانے والا سسٹم منگل تک شہر میں موجود رہے گا۔

Shares: