کراچی این اے 249،ضمنی انتخاب 29 اپریل کو ہوگا

الیکشن کمیشن نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔ ضمنی انتخاب اگلے ماہ 29 اپریل کو ہوگا۔الیکشن کمیشن اسلام آباد کے مطابق این اے 249 پر ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 13 سے 17 مارچ تک جمع ہوں گے۔الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 25مارچ کو کرے گی۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی کی سیٹ پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔دوسری جانب ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق پیپلز پارٹی نے این اے 249 سے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خواہش مند درخواست بلاول ہاؤس یا پیپلز پارٹی کے اسلام آباد آفس بھیجیں۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں مفتاح اسماعیل کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔پی ٹی آئی نے این اے 249 کراچی میں ضمنی الیکشن کیلئے پارٹی امیدوار فائنل کرنے کے لیے 5 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے نوٹی فکیشن کے مطابق 5 رکنی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ ارشد داد ہوں گے، جب کہ دیگر رہنماؤں میں فردوس شمیم نقوی، علی زیدی، خرم شیر زمان اور سعید آفریدی شامل ہیں سال 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں اس نشست پر فیصل واوڈا نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو صرف 723 ووٹوں سے شکست دی تھی۔