کراچی :عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کراچی میں احتجاج ،اطلاعات کے مطابق عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کراچی میں احتجاج کیا گیا ، اس دوران اس احتجاج کے مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ جانے کی کوشش بھی کی جسے کراچی پولیس نے ناکام بنادیا
امریکا کی جیل میں قید عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کراچی میں ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں نے شرکت کی۔
جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی قیادت میں عافیہ صدیقی موومنٹ نے کراچی پریس کلب سے ریلی نکالی۔ مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے مظاہرین کو آرٹس کونسل چورنگی پرروک دیا۔
جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی قیادت میں عافیہ صدیقی موومنٹ کے تحت عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی اور دیگرسیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مقررین کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اقدامات کا یقین دلایا تھا لیکن اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، امریکا بھی افغانستان سے چلاگیا لیکن مظلوم عافیہ صدیقی پرجبرنہ رک سکا۔
عافیہ موومنٹ کی ریلی کے باعث امریکی قونصلیٹ جانے والی سڑک کوپی آئی ڈی سی اور جناح برج سے ٹریفک کیلئے بند کردیاگیا تھا جبکہ آرٹس کونسل سے پریس کلب جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی تھی جس کے باعث ریڈزون میں مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔
تاہم 3گھنٹے بعد پولیس سے کامیاب مذاکرات کے بعد فوزیہ صدیقی عافیہ موومنٹ وفد کے ہمراہ امریکی قونصلیٹ یادداشت جمع کرانے روانہ ہوئیں اور ریلی میں موجود مظاہرین پرامن طور پر منتشرہوگئے۔