کراچی اسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ نادرا مراکز میں غیر ضروری کاغذات طلب کر کے عوام کو پریشان کرنا بند کیا جائے۔ شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔ نادرا میگا سینٹر کا حال بھی نادرا کے دیگر عام سینٹرز جیسا ہو گیا ہے۔ شہریوں کو صحیح معلومات نہ دینا معمول بن گیا ہے۔
عام آدمی کو طرح طرح کی دستاویزات مانگ کر ذلیل و خوار کیا جاتا ہے جب کہ غیرملکی افراد کو لاکھوں روپے لے کر نادرا کارڈ جاری کر دیا جاتا ہے۔ غیرملکیوں کو شناختی کارڈ کا اجراء ملک کے وقار سے کھیلنے کے مترادف ہے اس پر سخت ایکشن اور کاروائی ہونی چاہئے۔
نادرا کے ان افسران کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ چلا کر عبرتناک سزا دی جائے۔ پاسبان ہیلپ لائن پر متعدد شہریوں نے نادرا کے عملہ کے نامناسب رویے، خوامخواہ تنگ کرنے اور خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی شکایات درج کرائی ہیں، انتظامیہ فوری نوٹس لے۔
نادرا میگا سینٹرز کا حال بھی ابتر ہے۔ کورونا کے دوران بجائے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے ذلیل و خوار کیا جاتا ہے۔ نادرا کا عملہ مختلف حیلے بہانے سے شہریوں کو بغیر ٹوکن بھگا دیتا ہے تاکہ شہری ایجنٹوں سے رابطہ کرنے پر مجبور ہو جائے۔
نادرہ کے عملہ کو پابند کیا جائے کہ جب کوئی شہری نیا شناختی کارڈ بنانے یا پرانے شناختی کارڈ کی معیاد ختم ہونے یا دیگر دستاویز کے لئے نادرا سینٹرز آئے تو اسے ٹوکن کا اجراء لازمی کیا جائے اور اگر اس کے کاغذات میں کوئی کمی بیشی ہے تو وہ مکمل کرنے کا کہا جائے۔
پاسبان ہیلپ لائن پر شہریوں کی نادرا سینٹرزکے عملہ کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے مزید کہا کہ ملک میں کسی بھی ادارے میں چیک اینڈ بیلنس کا سسٹم رائج ہی نہیں۔
سرکاری ادارے لوٹ مار، بد عنوانی اور عوام کے استحصال کا گڑھ بن چکے ہیں۔ ان پڑھ اور کم پڑھے لکھے لوگوں کے ساتھ سرکاری اداروں میں کھلواڑ کیا جاتا ہے۔ ہر جگہ ایجنٹوں سے کام کرائے بغیر کوئی چارہ ہی نہیں ہے۔ اداروں میں بدعنوانیوں کا بڑا سبب سرکاری ملازمتیں سیاسی بنیادوں اور رشوت کے عوض دینا ہے۔
ان اداروں میں شناختی کارڈ کے حصول کا ادارہ نادرا بھی شامل ہے، جس کے عملے کا رویہ عوام کیساتھ انتہائی آمرانہ اور خصوصا خواتین کو پریشان کرنے میں پیش پیش ہے۔ غیر ضروری کاغذات کے نام پر عوام کو بیجا پریشان کیا جاتا ہے۔
شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں دشواریوں سے نجات دلانے کے لئے بند کئے جانے والے تمام نادرا مراکز کھول دیئے جائیں۔ خواتین اور بزرگ شہریوں کے لئے نادرا موبائل سروس کی سہولت فراہم کی جائے۔