کراچی مسائلستان بن گیا ہے اور ان تمام مسائل کا حل پاک سرزمین پارٹی کے پاس ہے ، مصطفیٰ کمال نے چیلنج کردیا

0
39

کراچی : کراچی مسائلستان بن گیا ہے اور ان تمام مسائل کا حل پاک سرزمین پارٹی کے پاس ہے ، مصطفیٰ کمال نے چیلنج کردیا ، تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی مسائل کا گڑھ بنا ہوا ہے اور موجودہ حالات میں مسائل سے نکلنے کے لیے کراچی والوں کو تجربہ کار قیادت کی ضرورت ہے۔ صرف پاک سرزمین پارٹی ہی کراچی سمیت پورے پاکستان کے مسائل حل کر سکتی ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس میں کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر سید آصف حسنین بھی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کو 70 فیصد ریوینیو دیتا ہے۔ اس کی افادیت ہی اس کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کراچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں ملک دشمن ایجنسی راء نے اپنے ایجنٹس کے زریعے اپنا تسلط قائم کر رکھا تھا اور انکے ذریعے یہاں کی انڈسٹری اور انفرااسٹرکچر تباہ کرنے کی سازش کر رہی تھی تاکہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا جا سکے۔ ایسے میں ہم نے ناصرف اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کی جنگ لڑی ہے بلکہ ہم نے کامیابی سے راء کے سیٹ اپ کا تسلط کراچی سے ختم کرایا اور اب یہاں کی رونقیں بھی بحال کریں گے۔ کراچی کو لسانیت کی آگ کے زریعے آگ و خون میں نہلا دیا گیا تھا جس کا خاتمہ یہاں پی ایس پی نے کیا ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ پاک سرزمین پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو کراچی اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی جانب گامزن کر سکتی ہے کیونکہ کراچی کو پہلے بھی ہم ہی نے بنایا تھا، کراچی نہ ہم سے پہلے بنا نہ ہی بعد میں اور اب بھی صرف ہمیں ہی پتہ ہے کہ کراچی کیسے بنے گا۔

سید مصطفیٰ کمال نے اپنے کارکنوں کو آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے لائحہ عمل بھی دیا۔ میٹنگ میں طے پایا کہ پاک سرزمین پارٹی بلدیاتی انتخابات میں تعلیم یافتہ محب وطن نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ موقع دے گی تاکہ مستقبل میں پاکستان کو قابل ترین قیادت ملے اور اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں جلد انٹرویوز کے سلسلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔

Leave a reply