کراچی سپر ہائی وے کاٹھور کے قریب آئل ٹینکر اور تین ٹرالر جل گئے

0
39

کراچی سپر ہائی وے کاٹھور کے قریب آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور تین ٹرالر جل گئے، قریب دکانوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا، ایف ڈبلیو او ، بحریہ ٹاؤن اور کے ایم سی فائر بریگیڈ کے عملے نے پانچ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
کراچی سپر ہائی وے پر کاٹھور کے قریب ایک ہوٹل کے عقبی حصے میں پارک کیے گئے آئل ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے قریب کھڑے مال بردار ٹرالروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق واقعہ ایم نائن کی حدود سے باہر پیش آیا۔
کے ایم سی فائر بریگیڈ کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں آئل ٹینکر کے ساتھ کھڑے تین ٹرالر بھی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ قریب ایک دکان کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ کے ایم سی فائر بریگیڈ کے علاوہ ایف ڈبلیو او اور بحریہ ٹاؤن کی فائربریگیڈ کے عملے نے پانچ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے البتہ بھاری مالی نقصان ہوا ہے، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

Leave a reply