کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک کے مختلف حادثات میں 6 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ حادثات شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آئے، جن میں ٹرک اور ٹینکر کی ٹکر سے کئی افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
شہید ملت روڈ پر بلوچ کالونی جانے والی ٹریک پر ٹینکر کی زد میں آ کر دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ایک شخص زخمی بھی ہوا، جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کے بعد مشتعل شہریوں نے ٹینکر کو آگ لگا دی۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
جاں بحق و شدید زخمی ہونے والے بائیک سواروں کی شناخت
1- سید نعمان ولد سید مرغوب علی عمر 57سال (جاں بحق)
2- محمد اسرار ولد محمد یاسین عمر 49سال (جاں بحق)
3- شناخت تاحال نہ ہوسکی عمر 30سال(زخمی)
بلدیہ ٹاؤن کے قریب حب ریور روڈ پر بھی ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔ اس حادثے میں بھی ٹینکر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹینکر نے موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار کر انہیں کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
کاٹھور کے علاقے میں ایک اور ٹریفک حادثے کی اطلاع ملی ہے، جہاں ایک کار سوار نے کوسٹ گارڈ کے اہلکار کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق زخمی اہلکار بعد ازاں چل بسا۔ کار سوار نے کچھ دور جانے کے بعد اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
کورنگی کے علاقے میں چمڑا چورنگی کے قریب ایک کار نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر اسے نالے میں پھینک دیا، جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اس حادثے میں بھی کار سوار موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق رواں سال کے ابتدائی دس دنوں میں کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں 22 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 261 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان حادثات کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات شہریوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئے ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کو مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ معاشی حب کراچی میں ٹینکرز موت بانٹتے پھر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔گورنر سندھ نے کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر ٹینکر سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ تشویش کیا اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی،کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہوں۔
فہیم حیدر پر کروڑوں کی بارش، مبشر لقمان کو خاموش رہنے کی اپیل
بھارتی سپریم کورٹ کا ہم جنس پرستوں کی شادی فیصلے پرنظر ثانی سے انکار