1998 میں جب بالی وڈ فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ ریلیز کی گئی تھی تو اس وقت سے ہی بھارت کے معروف ہدایت کار کرن جوہر اور ہدایت کارہ فرح خان اچھے دوست ہیں۔
باغی ٹی وی :فلم ساز فرح خان نے 9 جنوری کو اپنی 56 ویں سالگرہ منائی اور ان کی سالگرہ کے موقع پر ہندوستان ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ ماضی میں وہ اپنے قریبی دوست کرن جوہر سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔
مگر کرن جوہر نے بعض تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے فرح خان سے شادی سے انکار کیا۔
ہندوستان ٹائمز نے فرح خان کی سالگرہ کے موقع پر رپورٹ میں بتایا کہ 2018 میں کرن جوہر اور فرح خان نے ‘یاروں کی بارات’ نامی شو میں مذکورہ انکشاف کیا تھا۔
اگست 2018 میں نشر ہونے والے ‘یاروں کی بارات’ کے شو میں کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ فرح خان مجھ سے شادی کرنے میں دلچسپی رکھتی تھیں اور انہوں نے ایسا کرنے کی بہت کوشش کی تھی۔
کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ جب وہ 1998 میں رومانوی فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کی شوٹنگ کے لیے اسکاٹ لینڈ میں موجود تھے فرح خان آدھی رات کے وقت تک میرے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ میرے کمرے میں بھوت آ گیا ہے اس لیے وہ ان کے پاس آگئیں۔
دوسری جانب پروگرام میں فرح خان نے کرن جوہر کی جانب سے کیے گئے دعووں کو درست قرار دیا اور ساتھ ہی انکشاف کیا کہ وہ اس وقت کرن جوہر سے شادی کرنے کی خواہاں تھیں۔
فرح خان کی جانب سے شادی کی بات کیے جانے پر کرن جوہر نے بتایا کہ دراصل انہوں نے کچھ تکنیکی خرابیوں کے باعث فرح سے شادی نہیں کی۔
کرن جوہر نے بتایا کہ انہوں نے فرح خان کو بتایا کہ ٹی وی کا ٹاور بھی چلنا چاہیے اور اگر ایسا نہ ہو تو ٹی وی کو ہی بند کردینا چاہیے، اس لیے انہوں نے فرح خان سے شادی کرنے سے انکار کیا۔
تاہم انہوں نے مذکورہ ذو معنی جملوں کی وضاحت نہیں کی اور اسی پروگرام میں فرح خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا تھا کہ اگر ان کے اور کرن جوہر کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے اور ان کی دوستی ختم ہوئی تو وہ فلم ساز کے حوالے سے افواہیں پھیلائیں گی۔
فرح خان نے بتایا کہ اگر ان کی دوستی ٹوٹی تو وہ کرن جوہر سے متعلق افواہ پھیلائیں گی کہ ان کے ان سے رومانوی تعلقات رہے ہیں۔
جس پر کرن جوہر نے ہنستے ہوئے بولا کہ فرح خان کی ایسی افواہوں پر کوئی یقین نہیں کرے گا، کیوں کہ جب رومانوی تعلقات کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں تو ایسی افواہوں میں دونوں افراد کے درمیان کچھ نہ کچھ ہوتا ہے اور لوگ فرح کی باتوں پر اس لیے یقین نہیں کریں گے کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔
خیال رہے کہ 48 سالہ کرن جوہر غیر شادی شدہ ہیں، تاہم انہوں 2 بچے گود لے رکھے ہیں جبکہ 56 سالہ فرح خان نے 2004 میں خود سے کم عمر فلم ساز سریش کندر سے شادی کی تھی اور ان کے تین بچے بھی ہیں۔
خیال رہے کہ فرح خان اور کرن جوہر کا شمار با لی وڈ کی طاقتور ترین شخصیات میں شمار ہوتا ہے دونوں نے بالی وڈ کو درجنوں کامیاب اور سپرہٹ فلمیں دی ہیں-