کراچی میں حالیہ بارشوں سے انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا
باغی ٹی وی : کراچی میں حالیہ بارشوں سے انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا، گورنر ہاؤس رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے قریب سڑک دھنس گئی، ٹریلر پھنس گیا ، کورنگی انڈسٹریل ایریا، جام صادق پل اور کازوے پر ٹریفک جام ہوگئی، کے پی ٹی انٹرچینج اور قیوم آباد میں بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون سیزن کے آج سے ساتویں سپیل کی بھی پیش گوئی کر دی۔ موسم کی خبر دینے والوں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ شہر قائد میں اب تک اگست کی بارش کا 89 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے

کراچی میں بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں، انڈرپاسز بند، حب ڈیم بھر گیا،پانی گھروں میں داخل


واضح رہے کہ شدید بارش سے کراچی میں شادمان، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ڈیفنس، عائشہ منزل، ناظم آباد، گلشن اقبال، لیاری سمیت متعدد علاقوں میں سڑکیں دریا کے مناظر پیش کرنے لگیں شاہراہ فیصل پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہونے سے لوگ شدید اذیت کا شکار ہوئے۔

کئی علاقوں میں نالے اور گٹر ابل پڑے جبکہ ناگن، پی ای ایس ایچ، نرسری اور ملحقہ علاقوں میں نالے کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث مکینوں کا قیمتی سامان خراب ہوگیا جبکہ گلیوں اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔

اس کے علاوہ کراچی کے بڑے ہسپتالوں آغا خان اور ضیاالدین (ناظم آباد) میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے شہر بھر کے عوام مشکلات کا شکار ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ میں گزشتہ روز رین ایمرجنسی نافذ کردی تھی

Shares: