وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم روؤف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی-
باغی ٹی وی : ملاقات میں راولپنڈی چیمبر کےگروپ لیڈر سہیل الطاف، سمال چیمبر کےصدر شیخ آصف ادریس اور چیمبر ممبر اکرام عباسی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کاروبار کے لئے سازگار ماحول مہیاء کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی معیشت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، معیشت میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے-
مریم اورنگزیب نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لئے نجی شعبے اور چیمبر آف کامرس کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام جیمز، جیولری اور فیشن نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے-
راولپنڈی چیمبر کے صدر ندیم روؤف نے وفاقی وزیر اطلاعات کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی کہا کہ جیمز اینڈ جیولری نمائش میں پچاس سے زائد سٹال لگائے جائیں گے،نمائش میں ملک بھر سے نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جبکہ نمائش کے موقع پر کانفرنس اور بی ٹو بی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے-
صدر راولپنڈی چیمبر نے کہا کہ نمائش کا مقصد ایس ایم ای شعبے کو ترقی دینا اور قیمتی پتھروں کے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے مقامی تاجروں اور صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے-