جشن آزادی کے موقع پر پولیس کی بھتہ گیری افسوسناک ہے : پاسبان

0
34

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا اور سینیئر رہنما اکرم آگریا نے سیکشن آفس رسالہ تھانہ کے قریب ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے 500روپے سے زائد کے جبری چالان کاٹنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن آزادی کے موقعہ پر پولیس کی بھتہ گیری افسوسناک ہے۔
عوام کو ہراساں کرنا اور زبردستی چالان کاٹناعوام کو یوم آزادی کی خوشیاں منانے سے روکنا ہے۔ ٹریفک پولیس کی زیادتیوں کے حوالہ سے اسی طرح کی اطلاعات شہر کے دیگر علاقوں سے بھی موصول ہوئی ہیں۔ پاسبان ہیلپ لائن پر عوام کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد جب پاسبان عہدیدار اور ورکرز متعلقہ جگہ پہنچے تو ٹریفک اہلکار تیزی سے وہاں سے غائب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کے برنس وارڈ کے پاس واقع ملک بیکری کے سامنے چوک پر کھڑے ٹریفک اہلکار بمع ایس او ٹریفک قاسم سیکشن رسالہ تھانہ آنے جانے والی موٹرسائیکلوں کو روک کرنوجوانوں اور بچوں کا زبردستی 520 روپے تک کا چالان کر رہے ہیں جبکہ اسپتال میں آنے والے مریض اور تیماردار بھی ان کا نشانہ بن رہے ہیں۔ پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزرطارق چاندی والا او ر سینیئر رہنما اکرم آگریا نے آئی جی سندھ سے فوری اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ایس او ٹریفک اور دیگر عملے کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کی درخواست کی ہے۔
پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ اب تک زبردستی کے چالان کی مد میں کاٹی گئی تمام رقوم شہریوں کو واپس کی جائیں۔ پولیس و ٹریفک پولیس اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ نہ اتھائیں بصورت دیگر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی متاثرہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر کراچی پریس کلب پر احتجاج کرے گی.

Leave a reply