پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔

باغی ٹی وی کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت اہم ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں ہنگامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد کی تمام بلند عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر شیلٹرز کی نشاندہی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

اجلاس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کمپلیکس میں 24/7 کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی اطلاع پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ اسلام آباد کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے تحت "وار بک رولز” نافذ کر دیے گئے ہیں، اور بلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔

اشیائے خوردونوش اور پیٹرول کی دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات

مارکیٹ کمیٹی نے سبزیوں، دالوں اور دیگر ضروری اشیاء کا اضافی ذخیرہ محفوظ کر لیا ہے جبکہ پیٹرول پمپس پر بھی اضافی سٹاک کی دستیابی کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مساجد سے بروقت اعلانات کے لیے بھی مکمل کوآرڈینیشن کر لی گئی ہے۔

نوجوانوں کی بطور رضاکار تربیت، عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کو بطور والنٹیر تربیت دے رہی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں وہ انتظامیہ کی معاونت کر سکیں۔ ڈی سی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں اور شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔ڈی سی عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا سائرن کی آواز پر فوری طور پر کنٹرول روم سے رابطہ کریں اور تصدیق کے بعد ہی کسی خبر پر ردعمل دیں۔ انہوں نے افواہوں کے سدباب کے لیے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ "گھروں کی لائٹس بند کرنے” کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

غیر تصدیق شدہ خبروں سے گریز کریں، ضلعی انتظامیہ کا انتباہ

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ موجودہ نازک صورتحال میں شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ خبر پر کان نہ دھریں۔ انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

بھارت کا بزدلانہ حملہ، فرانسیسی اخبار نے بھارتی فضائیہ کی نااہلی کا پول کھول دیا

بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے، رافیل گرائے، 29 ڈرون تباہ کیے، عطاء تارڑ

نوازشریف کوشش کرتے ہیں کہ چیزیں ساری صلح صفائی کے ساتھ ہوں،خواجہ آصف

ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے والے 500 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی

Shares: