مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجی دکانوں کو آگ لگانے لگے
مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی سے خوفزدہ بھارتی فوجی رات کے وقت دکانوں کو آگ لگا رہے ہیں ۔ اس اقدام کا مقصد کشمیریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے تحریک آزادی سے ان کی توجہ ہٹانا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے گذشتہ پندرہ دنوں کے دوران ضلع بڈگام کے بیروہ کے علاقے میں کم از کم 15 دکانوں کو نذر آتش کردیا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ فوجیوں نے 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب بیروہ میں بس اسٹینڈ کے قریب بارہ دکانوں کوآگ لگائی۔ اس سے قبل اسی بازار میں غلام محمد رنگروٹ ، پرویز احمد وازہ اور مشتاق احمد بٹ کی دکانوں کو بھی نذر آتش کیا گیا تھا۔
مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ آتشزدگی کے واقعات سے علاقے میںخوف وہراس پھیل گیا ہے۔مقامی آبادی کے مطابق 05 اگست سے دکانوں اور بازاروں پر ہندوستانی فوجی کنٹرول کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرفیو کی وجہ سے علاقے میں صرف فوجی موجود تھے اور وہ دکانوں کو نذر آتش کررہے تھے۔