مقبوضہ کشمیر کی صورتحال،وفاقی حکومت کی جانب سے آیندہ ہفتے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلانے کا امکان ہے

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلانےکامقصد مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سےمتعلق قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہے ،پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں بھارتی مظالم کیخلاف عالمی برادری کےسامنےآوازاٹھائی جائیگی ، اس حوالہ سے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس کے لئے آج اتوار کو وزیراعظم عمران خان سے مشاورت ہو گی.

اعظم سواتی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی رابطہ کیا ہے، ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کے مقبوضہ کشمیرکے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا چاہیئے۔

واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ،اپوزیشن لیڈربھی پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلانےکا مطالبہ کرچکے ہیں، صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ بھارت کو ہوش کےناخن لیتے ہوئے ریاستی دہشتگردی فوری بند کرنی چاہیے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اس صورتحال پر بحث ہونی چاہیے، صدر مملکت کشمیر کی صورتحال پرپارلیمنٹ کا فوری مشترکہ اجلاس بلائیں، پوری قوم اورپارلیمان کا مشترکہ موقف عالمی برادری کے سامنے جانا چاہیے،

قبل ازیں بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی نے اپنے ٹوئٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی بھارتی جارحیت پر ایس او ایس کال دی ہے اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کے خطرے کا اظہار کیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی او آئی سی کے جنرل سیکرٹری کو کشمیر میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور انہیں نہتے کشمیریوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے اپنا بھرپور ادا کرنے کا مطالبہ کریں گے،

وزیر خارجہ قبل ازیں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھی تفصیلی خط ارسال کر چکے ہیں جس میں ہندوستان کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا،

Shares: