کشمیر میں بھارتی غنڈوں کی بربریت کا عالمی دنیا نوٹس لے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

0
37

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے فاشسٹ اور یکطرفہ اقدامات نے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بھارتی افواج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش میں مبتلا ہیں اور یہ صورتحال روز بروز بگڑ رہی ہے، عالمی برادری بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل زو کی لیانگ نے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دفاعی آپریشن اور اس کی قومی سلامتی کے معاملات پر تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

چینی وفد سے ملاقات کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارتی افواج کے مظلوم کشمیریوں پروحشیانہ ظلم و تشدد نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، آج بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، جنونی ہندو پرست بھارتی قیادت نے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ اس نے صرف جمہوریت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور آر ایس ایس کے غنڈوں کی بربریت کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ وہ چین کی منفرد، ہر موسم اور وقت میں آزمودہ پاکستان سے دوستی کا اعتراف کرتے ہیں جبکہ مختلف فورمز پر چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے خلاف حمایت کو سراہتے ہیں

قبل ازیں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے البارکہ بنکنگ گروپ کے وفد نے بھی ملاقات کی،البارکہ بنکنگ گروپ کے چیف ایگزیکٹوآفیسرعدنان احمد یوسف وفد کی قیادت کررہے تھے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں بنکاری کا شعبہ مضبوط وفعال ہے تاہم سخت اقتصادی حالات کی وجہ سے اس شعبے کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے ۔

صدرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ معشیت کا احیاءنوحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کاروبارمیں آسانیوں کے حوالہ سے بین الاقوامی انڈکس میں پاکستان کی پوزیشن میں کافی بہتری آئی ہے۔ صدر نے پاکستان میں شریعیہ سے متعلق مصنوعات وخدمات کی فراہمی میں البارکہ بنک کے کردارکی تعریف کی۔

البارکہ بنکنگ گروپ کے چیف ایگزیکٹوآفیسرعدنان احمد یوسف نے اس موقع پر بتایا کہ اسلام نے جو مالیاتی نظام پیش کیاہے اس میں سود کے خاتمہ کو یقینی بنایا گیاہے اورنفع ونقصان کی بنیاد پر منافع اوردولت کے منصفانہ تقسیم وترسیل پرزوردیا گیاہے

Leave a reply