مقبوضہ کشمیر میں کرونا کا پھیلاؤ، 24 گھنٹوں میں 3 اموات،5 ڈاکٹر میں بھی کرونا کی تشخیص

0
33

مقبوضہ کشمیر میں کرونا کا پھیلاؤ، 24 گھنٹوں میں 3 اموات،5 ڈاکٹر میں بھی کرونا کی تشخیص

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس میں مبتلا 3 معمر مریضوں کی موت واقع ہوئی جس کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا متاثرہ افراد کی اموات بڑھ کر 16 ہوگئی ہیں۔

ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے ڈلگیٹ علاقہ میں واقع امراض سینہ کے ہسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کے 3 معمر مریضوں کی پیر کے روز موت واقع ہوئی۔ متوفین کا تعلق ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ اور ضلع کولگام کے سوچ علاقے سے تھا۔اس دوران جموں وکشمیر میں پیر کو کورونا وائرس کے جو نئے کیسز سامنے آئے ان میں سے ضلع پولیس لائنز اننت ناگ میں تعینات 19 پولیس اہلکار اور سرینگر کے تین بڑے ہسپتالوں کے پانچ ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امراض سینہ کے ہسپتال میں پیر کی صبح کورونا وائرس میں مبتلا ضلع اننت ناگ کے ہلر کوکرناگ سے تعلق رکھنے والے ایک 75 سالہ معمر شخص کی موت واقع ہوئی۔ متوفی کو نمونیا کے مریض کے طور پر ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور وہ گذشتہ آٹھ روز سے مسلسل وینٹی لیٹر پر تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اسی ہسپتال میں چند گھنٹوں کے بعد ضلع کولگام کے سوچ علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک 65 سالہ کورونا وائرس متاثرہ خاتون کی موت واقع ہوئی۔ متوفی خاتون جس کا کورونا وائرس ٹیسٹ پیر کی صبح مثبت آیا تھا، کی بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوئی ہے۔

کوکر ناگ سے ہی تعلق رکھنے 75 سالہ خاتون جو کینسر مرض میں مبتلا تھی، سرینگر کے سی ڈی ہسپتال میں موت ہوئی۔ اس طرح سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثر 4 کی موت ہوچکی ہے، جن میں ایک 29 سالہ خاتون بھی شامل ہے۔

وادی کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی موت واقع ہوجانے کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق جموں وکشمیر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی 16 اموات رپورٹ ہوئی ہے جن میں سے 14 صوبہ کشمیر اور دو صوبہ جموں میں فوت ہوئے ہیں۔دریں اثنا وادی میں کورونا لاک ڈائون کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے چلتے پیر کو مسلسل 61 ویں روز بھی جہاں تمام تر معمولات زندگی مفلوج رہے وہیں کورونا وائرس کے مثبت کیسز اور اموات میں ہورہے اضافے سے لوگوں میں بھی اضطرابی ماحول روز بروز بڑھ رہا ہے

Leave a reply