کشمیر پاکستان کی شہ رگ، اس کیلئے ہم کسی بھی حد تک جائیں گے، میاں اسلم اقبال
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم اس کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے، کشمیر کے ایک کروڑ اور پاکستان کے 22کروڑ عوام نے کشمیری بن کر اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کر دیا ہے،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میاں اسلم اقبال نے کہاکہ اگر دنیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو پھر نتائج کی ذمہ دار بھی دنیا ہی ہو گی، مودی کی ہٹ دھرمی خطے کے امن کے لئے خطرہ بن چکی ہے، صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار آج الحمرا آرٹ گیلری میں لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مقابلہ مصوری ”کشمیر ہے لہولہو“ اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس آفیشل کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹراطہر علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے، صوبائی وزیر نے نوجوان آرٹسٹوں کا کشمیر کے موضوع پر کام کو دیکھا اور ان کے فن پاروں کو سراہا، صوبائی وزیر نے اطہر علی خان کے ہمراہ اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے آرٹسٹوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے،
صوبائی وزیر نے کہا کہ خوشی ہے کہ نوجوان آرٹسٹ کشمیریوں کی آواز بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بربریت کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجوڑا ہے اور وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھی پاکستان اور کشمیر کے عوام کی آواز بنیں گے اور اپنے خطاب میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے، انہوں نے کہا کہ مودی نے ہندوذہنیت کے ساتھ مسلمانوں پر جو مظالم ڈھائے ہیں اس کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ پورے جذبے کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، بھارت نے فروری میں پاکستان پر جارحیت کر کے نتائج بھگت لئے ہیں اور اسے اندازہ ہو گیا ہو گا کہ یہ قوم جذبہ ایمانی کے ساتھ لڑتی ہے اور دشمن کے ٹینکوں کے نیچے لیٹ کر انہیں اسے نیست و نابود کر دیتی ہے،
صوبائی وزیر نے اظہاریکجہتی کشمیر کی تقریب میں صحافیوں میں ایوارڈ بھی تقسیم کئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہرعلی خان نے کہا کہ ”کشمیر ہے لہولہو“ میں نوجوانوں کا کام مثالی ہے اور حقائق کو قریب سے پینٹ کیا گیا ہے،