کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی سیمینار

0
33

کراچی: شہر قائد میں جا گ کراچی اور کشمیر یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ْْکشمیر توجہ چاہتا ہے ٗٗکہ عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے جاگ کراچی کے صدر انجینئر عمیر وہاب، ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافی سید فواد رضا ، جنگی امور پر خصوصی مہارت رکھنے والے صحافی فیض اللہ خان اور کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران نے بطور صدرِ محفل خطاب کیا۔ طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے سید فواد رضا کا کہنا تھا کہ ایک جانب جہاں مظاہرے کیے جارہے ہیں وہیں کشمیر کے موضوع پر سنجیدہ مذاکروں کا اہتمام بھی بے حد ضروری ہے کہ یہ ایک بین الاقوامی معاملہ اور ہمارے نعروں سے زیادہ دنیا ہماری جانب سے دلیل سننا چاہتی ہے۔

جاگ کراچی کے صدر عمیر وہاب کا کہنا تھا کہ کشمیر سے ہم سب کا نظریاتی اورجذباتی تعلق ہے جس کے لیے آواز اٹھانا ہم سب کا فرض ہے۔معروف صحافی فیض اللہ خان نے مسئلہ کشمیر کے عالمی تناظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت عالمی سطح پر سفارت کاری کی ہے اور دنیا کے سامنے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف رکھنے کی ہے دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کن دلائل کی بنیاد پر کشمیر کو اپنی شہہ رگ قرار دیتا ہے۔

سیمینار کے شرکا سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر اور سینئر صحافی امتیاز خان فاران کا کہنا تھا کہ کشمیر بنے گا پاکستان نہیں بلکہ یہ وقت کشمیر بھی ہے پاکستان کا نعرہ لگانے کا ہے۔

ا ن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر جو منصوبہ بندی ستر سال قبل کی گئی تھی اب اس سے ایک قدم آگے بڑھ کر آئندہ ستر سالوں کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں انتفادہ ہورہاہے ، وہاں کے بچے اور مائیں ہاتھوں میں پتھر لیے بھارت کی بربریت کے خلاف میدان میں ہیں۔

وہ پاکستان زندہ باد کے نعرہ لگاتے ہیں ، پاکستان کے پرچم میں دفن ہوتے ہیں ، یہ ریفرنڈم نہیں ہے تو اور کیا ہے۔ تقریب کے بعد شرکا نے مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر کی آزادی تک جدو جہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

Tagsbaaghi

Leave a reply