بھارت کے ظلم سے کشمیریوں کو نجات دلانے کے لیے ہر فورم استعمال کریں گے، شاہ محمود قریشی
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔وزارت خارجہ میں بین الوزارتی اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت 5 آگست سے مسلسل کرفیو کے ذریعے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مواصلاتی بلیک آؤٹ اور دیگر پابندیوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا جارہا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سمیت دنیا کے ہر بڑے فورم تک پہنچانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج بین الاقوامی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو سامنے لا رہا ہے اور عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو دعوت فکر دے رہا ہے۔