پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم سیکیورٹی رسک بن چکا ہے،حکومت نے کشمیر پر کبھی بھی صحیح پالیسی، صحیح پوزیشن اور صحیح فیصلہ نہیں لیا،جو کہتے ہیں پیپلزپارٹی ختم ہوگئی وہ یہاں عوام کا جذبہ دیکھ لیں، شہید بھٹو سے سیکھا ہے اگر کشمیر کے عوام کے لئے ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے،پاکستان میں جتنی مہنگائی ہے اتنی نہ افغانستان میں ہے، نہ بھارت میں اور نہ بنگلہ دیش میں ہے، عمران خان دھاندلی کی کوشش کررہے ہیں ،آپ اس جھوٹی حکومت کے وعدوں پر نہ چلیں۔
ہفتہ کو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد کشمیر کے مسئلے سے بنی تھی، یہ سفر آج تک جاری ہے،ہم نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو سے سیکھا ہے کہ اگر کشمیر کے عوام کے لئے ہمیں ہزار سال جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پی پی پی کی سیاست آج بھی کراچی سے لے کر کشمیر تک ہے، پی پی پی کی کشمیر پالیسی یہ ہے کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ آپ کا فیصلہ اگر جنگ ہو گی تو ہم جنگ کریں گے امن ہوگا تو ہم امن قائم کریں گے،یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نعرہ تھا کہ ہمارا نعرہ سب پہ بھاری رائے شماری رائ شماری۔ انہوںنے کہاکہ ہم آج بھی اس کٹھ پتلی بزدل کے سامنے کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ کشمیر کا سودا نا منظور۔
ہم نے عام آدمی کا سہارا بننا ہے۔ ہم عام آدمی کو عمران خان کی طرح لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔ ہم نے تنخواہوں اور پنشنوں اور سپاہیوں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ جب آپ پیپلزپارٹی کی حکومت منتخب کریں گے تو ہمارا پہلا کام تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوگا اس خان نے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دے گا، پچاس لاکھ گھر دے گا لیکن لوگوں کو بیروزگار کر دیا اور لوگوں کے سروں سے چھت چھین لی۔ ایک ہی راستہ ہے وہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا ہے ۔
اگر ہمارے ساتھ ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت پی پی پی کا راستہ نہیں روک سکتی۔ کوٹلی کے عوام نے آج یہ فیصلہ سنادیا ہے۔ جیے بھٹو!جلسے سے قبل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے درگاہ گلہار شریف پر حاضری دی اور پیر قاضی فتح محمد اور پیر محمد صادق کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے درگاہ شریف پر کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ درگاہ کے منتظم قاضی محمد رفیق سے ملاقات میں انہوں نے صاحبزادہ زاہد سلطانی کے لئے نیک تمنا?ں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلا ف چودھری محمد یٰسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کٹھ پتلی وزیر اعظم سیکیورٹی رسک بن چکا ہے : بلاول بھٹو زرداری
Shares: