با لی وڈ کی 33 سالہ اداکارہ زرین خان کے مطابق فلم انڈسٹری میں انہیں کترینہ کیف، پوجا بھٹ، پریٹی زنٹا اور سنی لیون کا ہم شکل سمجھ کام نہیں دیا جا رہا کیونکہ کوئی بھی ڈپلیکیٹ کترینہ کیف کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتا-
باغی ٹی وی : بھارتی اخبار ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں زرین خان نے شوبز انڈسٹری میں 11 سال گزارنے کے باوجود تاحال خود کو اچھا مقام نہ مل پانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں دیگر اداکاراؤں کا ہم شکل سمجھ کر کام نہیں دیا جا رہا۔
زرین خان کے مطابق جب وہ فلم انڈسٹری میں نہیں آئی تھیں تب انہیں ان کی والدہ کا ہم شکل کہا جاتا تھا مگر جیسے ہی وہ فلموں میں آئیں تو انہیں کچھ ہی عرصے بعد بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کا ہم شکل سمجھا اور کہا جانے لگا۔
اسکرین شاٹ گوگل
صرف یہی نہیں زرین خان کے مطابق آگے چل کر انہیں پوجا بھٹ، پریٹی زنٹا اور سنی لیون کا بھی ہم شکل کہا جانے لگا فلم بینوں کو میرے حوالے سے رائے بنانے کا کوئی موقع ہی نہیں دیا گیا کیونکہ پہلی فلم کی ریلیز سے قبل ہی ان کے ذہن میں کترینہ کا اینگل بٹھا دیا گیا تھا۔
فوٹو میڈیا
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں کترینہ کیف اور دیگر اداکاراؤں سے ملتی شکل کی وجہ سے ہی فلموں میں کاسٹ نہیں کیا جا رہا کیوںکہ کوئی بھی کترینہ کیف کی کاپی کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں کرتا۔
فوٹو میڈیا
اگرچہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں دیگر اداکاراؤں کا ہم شکل سمجھ کر انہیں کام دینے سے گریز کیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے کسی بھی فلم ساز یا ہدایت کار کا نام نہیں لیا اور کہا کہ انہیں دوسروں کے ہم شکل ہونے کی وجہ سے کام نہیں مل رہا۔
زرین خان کے مطابق ان کا چہرہ عالمگیر خدوخال کا ہے، جس وجہ سے ان کی شکل کئی خواتین سے ملتی جلتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ لوگ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے آتے ہیں نہ کہ کسی اور کی طرح بننے کیلئے، مجھے اپنی پہچان بنانے میں 11 سال لگ گئے اور اس جدوجہد کے بعد اب بھی مجھے لوگ کترینہ کی شکل والا ہی سمجھتے ہیں، اگر میں فلم نگری میں نہ ہوتی تو کترینہ سے ملانے پرخوش ہوتی کیونکہ وہ واقعی خوبصورت ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا ماضی میں بھی ان کی طرح دیگر اداکاراؤں و اداکاروں کو دوسروں کا ہم شکل سمجھ کر انہیں کام دینے سے گریز کیا جاتا رہا جیسے اداکارہ سنیہا کو ایشوریا کی کاپی کہہ کر کیرئیر ختم کرادیا، کوئی بھی بالی وڈ میں کسی کا ڈپلیکیٹ بن کر نہیں رہنا چاہتا اور فلمساز بھی کسی ڈپلیکیٹ کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ زرین خان نے سلمان خان کے ساتھ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ویر‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں شوبز انڈسٹری میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔
ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران زرین خان نے محض ڈیڑھ درجن سے بھی کم فلموں میں کام کیا اور وہ صرف دو میگا بجٹ فلموں میں ہی کام کر پائیں ہیں۔
زرین خان نے اپنے کیریئر میں ابتدائی دو فلمیں یعنی ’ویر‘ اور ’ریڈی‘ میں سلمان خان کے ساتھ کام کیا اور ان کی یہی دو فلمیں میگا بجٹ ہیں، جس کے بعد وہ تامل، تیلگو اور پنجابی فلموں سمیت کم بجٹ والی ہندی فلموں میں کام کرتی دکھائی دیں۔