گجرات (نمائندہ باغی ٹی وی ) ٹبی سیکھواں کے سات سالہ زنیر کے قاتل ایک ہفتہ کے اندر گرفتار،سگی چچی نے ملازم کے ساتھ مل کر معصوم بچے کو انتہائی بے دردی سے قتل کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق مورخہ27.06.19کوتھانہ صدر گجرات کے موضع ٹبی سیکھواں میں انتہائی دردناک واقعہ پیش آیا۔ بیرون ملک سعودی عرب مقیم محمد بشارت کے سات سالہ معصوم بچے کا دن دیہاڑے انتہائی سفاکی سے گلہ کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔اس دردناک واقعہ نے پورے علاقہ کو افسردہ کردیا اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔ تھانہ صدر گجرات پولیس نے مقتول کی والدہ شائستہ پروین کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے وقوعہ کی بابت ڈی پی او گجرات سید علی محسن کو آگاہ کیا۔جس پر ڈی پی او گجرات نے سنگدل قاتلوں کی فوری گرفتار ی کیلئے ڈی ایس پی ریاض الحق کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ صدر گجرات انسپکٹر بابر زمان کو خصوصی ٹاسک دیا اور ہدائیت دی کہ سفاک قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سز ا دلوائی جائے۔جو پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کا رلاتے ہوئے وقوعہ کے اصل ملزمان کوچند یوم کے اندر آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ملزمان میں منیر احمد ولد غلام محمد قوم مصلی سکنہ چک نمبر 8بھیرہ حال مقیم ٹبی سیکھواں اور مسماۃ عاصمہ زوجہ محمد آصف قوم جٹ سکنہ دیہہ شامل ہیں۔ ملزمہ عاصمہ نے دوران انٹیروگیشن اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس کی مدعیہ کے ساتھ ناچاقی تھی جس کی بنا پر اس نے مدعیہ کو سبق سکھانے کیلئے معصوم بچے کو قتل کرنے کا گھناؤنہ منصوبہ بنایا۔جس میں اس کا ملازم منیر احمد بھی شامل تھان۔دونوں نے مل کر درانتی سے معصوم زنیر کا گلہ کاٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

Shares: