گجرات (طارق محمود سے) گجرات میں احتجاج پر احتجاج کا سلسلہ جاری و ساری، صفائی ستھرائی کی صورتحال حال جوں کی توں، سیاستدان اور میونسپل کارپوریشن گجرات ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش میں سر دھڑ کی بازی لگانے لگے۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن گجرات کے ملازمین و افسران اور ق لیگی سیاستدانوں میں احتجاج کا مقابلہ شروع ہوگیا ہے دوسری طرف صفائی ستھرائی کی صورتحال میں بہتری کہیں نظر نہیں آتی گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماؤں سمیت صحافیوں نے شہر بھر کی کی صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال کے خلاف میونسپل کارپوریشن گجرات کی ایڈمنسٹریٹر اور ملازمین کے خلاف ریلی نکالی اور بعدازاں جی ٹی ایس چوک میں احتجاجی دھرنا دیا جس کے جواب میں آج میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے صفائی ستھرائی کرنے والی مشینری کو جی ٹی ایس چوک میں لا کھڑا کیا اور چوک بند کر کے احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ بد تمیزی کرنے اور گالیاں دینے والے مسلم لیگ ق کے رہنما محمد حنیف حیدری اور صحافی طارق بشیر بٹ کوگرفتارکیاجائے اس دو طرفہ لڑائی میں گجرات کی صفائی ستھرائی کی صورت حال خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے اور عوام کی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ احتجاج مقابلے میں جیت کس کی ہوتی ہے اور عوام کو ریلیف بھی ملتا ہے کہ نہیں۔