گجرات(نمائندہ باغی ٹی وی)حکومت پنجاب، محکمہ صحت نے ضلع کے پانچ ٹی ایچ کیو، 13رورل ہیلتھ سنٹرز، میٹرنٹی ہستپالوں سمیت 71سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کونسلز کے ذریعے اخراجات کیلئے 17.7ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے ہیلتھ کونسلز کی منظوری سے یہ فنڈز خرچ کر سکیں گے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر خرم شہزاد نے بات چیت کے دوران بتائیں، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات میں ٹی یچ کیو، سول ہسپتالوں، گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتالوں، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی 110ہیلتھ کونسلز رجسٹرڈ ہیں تاہم ابتدائی طور پر 71ہیلتھ کونسلز کیلئے فنڈز جاری ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کھاریاں کیلئے 28لاکھ 92ہزار روپے، ٹی ایچ کیو سرائے عالمگیر، ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال کنجاہ اور ڈنگہ کیلئے فی ہسپتال 15لاکھ92ہزار روپے، ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال لالہ موسیٰ کی ہیلتھ کونسل کیلئے 7لاکھ روپے کے فنڈز جاری ہوئے ہیں، حکومت پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے مجموعی طور پر ٹی ایچ کیو لیول ہسپتالوں کی ہیلتھ کونسلز کے ذریعے اخراجات کیلئے 8.3ملین روپے کے فنڈز کا اجراء کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 13رورل ہیلتھ سنٹرز اور میٹرنٹی ہسپتالوں کیلئے مجموعی طور پر 4.9ملین روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں، ان ہسپتالوں کی ہیلتھ کونسلز کو انکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ 6لاکھ روپے کے فنڈز دیے گئے ہیں، بقیہ فنڈز 53بنیادی مراکز صحت کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہسپتال ہیلتھ کونسلز کے ان فنڈز سے طبی آلات کی مرمت، ہسپتالوں میں مریضوں کے بیٹھنے کیلئے بہتر فرنیچر، پنکھے اور دیگر ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باقی ہیلتھ کونسلز کیلئے فنڈز بھی جلد جاری ہو جائیں گے۔