خالد حمید فاروقی کی وفات پر وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

سینئر صحافی تجزیہ کار خالد حمید فاروقی برسلز میں وفات پا گئے ہیں

خالد حمید فاروقی کچھ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے لیکن لندن سے برسلز واپس پہنچے تو اچانک ہارٹ اٹیک ہوا جو جان لیوا ثابت ہوا ،خالد حمید فاروقی کا تعلق کراچی سے تھا لیکن وہ طویل عرصے سے یورپ میں مقیم تھے انہوں نے پسماندگان میں بیوہ، بیٹا اور بیٹی کو چھوڑا ہے

خالد حمید فاروقی عالمی امور پر رپورٹنگ کے لیے شہرت رکھتے تھے وہ جیو نیوز سے وابستہ تھے انہوں نے اہم امور پر مختلف ممالک سے غیر معمولی رپورٹنگ کی حال ہی میں انہوں نے فرانس کے صدارتی انتخابات کی کوریج بھی کی تھی خالد حمید فاروقی جنگ کی کوریج کے لیے حال ہی میں یوکرین بھی گئے تھے جبکہ وہ نیٹو، یورپی یونین کے امور کی کوریج کا وسیع تجربہ رکھتے تھے

وزیر اعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خالد حمید فاروقی ایک کہنہ مشق اور اپنے پیشے سے عشق کرنے والے صحافی تھے اور خالد حمید فاروقی کی وفات صحافت کے شعبے کا بڑا نقصان ہے خالد حمید فاروقی کی صحافتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، دعا ہے اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر دے آمین

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپ میں سینئر پاکستانی صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ،بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ خالد حمید فاروقی نے کئی دہائیوں تک عالمی امور پر غیرمعمولی رپورٹنگ کرکے پاکستانی عوام کو عالمی حالات حاضرہ سے باخبر رکھا، خالد حمید فاروقی ایک جمہوریت پسند انسان تھے، ان کی صحافتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا، خالد حمید فاروقی یورپ میں پاکستان کی ایک توانا آواز تھے، ان کے انتقال سے یورپ میں پاکستانی صحافت میں بڑا خلا پیدا ہوگیا،وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خالد حمید فاروقی کے پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سنیئر صحافی خالد حمید فاروقی کی وفات پہ بہت دکھ ہو ا خالد حمید فاروقی سنجیدہ طبعیت اور اعلی صحافتی معیار پر کاربند صحافی تھے وہ یورپ سے پاکستانی صحافی کے طور پر معروف تھے، حالیہ یوکرین جنگ میں بھی انہوں نے ایک نئی صحافتی تاریخ رقم کی تھی وہ ایک بہت اچھے اور محنتی انسان، قابل اور باخبر صحافی تھے، ان کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطاء فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین

وزیراعلی ٰپنجاب نے معروف صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے،وزیر اعلی ٰحمزہ شہباز شریف نے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ، حمزہ شہباز نے صحافت میں گراں قدر خدمات پر مرحوم خالد حمید فاروقی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ،حمزہ شہبا زکا کہنا تھا کہ خالد حمید فاروقی کواپنے فن میں کمال حاصل تھا خالد حمید فاروقی کی خدمات کو بھلا یانہیں جا سکے گا خالد حمید فاروقی کی صحافتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین

Shares: