ہنزہ: :ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ واپڈا کے نجیب اللہ نے اپنے نام کرلیا۔گلگت بلتستان حکومت اور پاکستان سائیکلینگ فیڈریشن کے زیر اہتمام دوسری ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس کے دوسرے مرحلے کا آغاز غلمت سے ہوگیا۔ دوسرا مرحلہ ٹائم ٹرائل کا تھا جو غلمت سے شروع ہو کر دوہیکر ہنزہ تک 35 کلو میٹر تک محیط تھا۔ کم فاصلہ ہونے کے باوجود یہ ایونٹ کا مشکل ترین مرحلہ تھا کیونکہ اس 35 کلو میٹر کے آخری 7 کلو میٹرمسلسل چڑھائی اور پر خطر راستے تھے جنہیں کھلاڑیوں نے ہمت اور بہادری کے ساتھ طے کیا ۔
ٹورڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس کے اس ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 83 میں سے 77 کھلاڑیوں نے ریس مکمل کی تھی جبکہ چار کھلاڑی نا اہل ہو گئے تھے۔ پہلی پوزیشن واپڈا کے نجیب اللہ، دوسری آرمی کے عبداللہ خان، تیسری سری لنکا کے ویران رمیش، چوتھی آرمی کے عابد صدیق جبکہ پانچویں اور چھٹی پوزیشن ایس ایس جی سی کے غلام حسین اور عبدالرزاق کے حصہ میں آئی تھی۔








