خواتین کے ذریعے بلیک میل کرکے بھتہ وصول کرنے والا گرفتار

سرگودھا(نمائندہ باغی ٹی وی)عدالت عالیہ لاہور ہائیکورٹ کے ججز شہرام سرور چوہدری اور وحید خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سرگودھا کے تھانہ سیٹلائٹ ٹاﺅن کے بھتہ خوری کے دو مقدمات میں ملوث ملزم یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے آفیسر وسیم الرسول کی عبوری درخواست ضمانت خارج کر دی، جس پر پولیس نے احاطہ عدالت کے باہر سے ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ سیٹلائٹ ٹاﺅن سرگودھا کی حوالات منتقل کر دیا ہے۔ ملزم کو آج انسداد دہشتگردی سرگودھا کی عدالت میں جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کےلئے پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایک عرصہ سے سرگودھا کے علاقہ نیو سیٹلائٹ ٹاﺅن میں سادہ لوح شہریوںکو اپنے دام میں پھانس کر قابل اعتراض ویڈیو بنا کر ان سے بھتہ طلب کرنے والا خواتین اور مردوں پر مشتمل گینگ کےخلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاﺅن میں بھتہ خوری اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت دودہ کے رہائشی تنویر احمد اور 91 شمالی کے رہائشی امجد قریشی کی مدعیت میں دو مقدمات درج کیے گئے۔ ان مقدمات میں رمضان چدھڑ، خرم شہزاد اور ابرار دو خواتین بہنیں شاہدہ پروین اور صائمہ پروین پہلے ہی گرفتار ہو کر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ جن میں سے خرم شہزاد اور ابرار کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانتیں انسداد دہشتگردی کی عدالت سے خارج ہو چکی ہیں جبکہ ملزم وسیم الرسول نے ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کروا رکھی تھی۔ گزشتہ روز ملزم کی طرف سے مظہر للہ ایڈووکیٹ اور مدعیان کی طرف سے شاہد نذیر خان ایڈووکیٹ نے عدالت عالیہ ہائیکورٹ کے ڈبل بینچ کے روبرو دلائل دیئے، عدالت نے میرٹ پر وسیم الرسول کی دونوں مقدمات میں درخواست ضمانتیں خارج کر دیں۔ جس پر سیٹلائٹ ٹاﺅن کے ایس ایچ او شہزاد فیض اور انسپکٹر انویسٹی گیشن عبدالرزاق نے ملزم کو احاطہ عدالت سے باہر گرفتار کر کے تھانہ سیٹلائٹ ٹاﺅن کی حوالات منتقل کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم وسیم الرسول کو آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر کے بھتہ کی رقم اور وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی کی برآمدگی کےلئے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وسیم الرسول نے ایک بار ایڈیشنل سیشن جج، دو بار انسداد دہشتگردی عدالت اور دوسری بار عدالت عالیہ لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانتیں کروائی تھیں۔ ہر بار ضمانت کروا کر ملزم سماعت کے روز غیر حاضر ہو جاتا تھا۔

Tagsbaaghi

Comments are closed.