اگر میں یوں کہوں کہ خوش اخلاقی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے، تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا ۔خوش اخلاقی اخلاقیات کی ہی ایک شکل ہے۔اخلاقیات میں آپ کے رہن سہن، بول چال کا انداز ، رکھ رکھاؤ اور تربیت کا پتہ چلتا ہے ۔
مختصر یہ کہ اخلاقیات آپ کے اخلاق کا پتہ دیتی ہیں۔اور آپ کا اخلاق یہ واضح کرتا ہے، کہ آپ کس کردار کے مالک ہیں۔ اخلاقیات کا عنصر تو ہمارے بزرگوں میں پایا جاتا تھا۔جبکہ جدید دور کی موجودہ نسل اخلاقیات جیسے عناصر سے عاری ہے۔
آج کے اس دور میں ہم بیرونی طور پر خود کو سنوارنے میں مگن ہیں، لیکن اندرونی طور پر بالکل کھوکھلے ہیں ۔انسان کا اچھا لباس نہیں، بلکہ اس کا اچھا اخلاق اس کی پہچان ہے۔
میرا یہ ماننا ہے کہ خوش اخلاقی آپ کا اچھا اخلاق ہی آپ کو دوسروں کی نظر میں معتبر بناتا ہے۔

خوش اخلاقی ایک اچھا اخلاق ہے کیا؟

خوش اخلاقی یہ ہے کہ جب آپ کسی سے مخاطب ہوں، تو آپ کے چہرے پہ مسکراہٹ، لہجے میں شائستگی ہو، اور دوسروں کےلیے آپ کے دل میں ادب و احترام ہو۔ناقابل برداشت بات کا جواب بھی محبت سے اور احترام سے دیں۔
آپ کا اخلاق ایسا ہونا چاہئے جب کوئی شخص آپ سے ملے، تو وہ آپ کو بعد میں اچھے لفظوں میں یاد رکھے، ذندگی میں دوبارہ آپ سے ملنے کی جستجو رکھے، نہ کے آپ کا اخلاق ایسا ہو کہ وہ آپ کو دوسروں کے سامنے بداخلاق کے طور پر پیش کرے۔آپ کی خوش اخلاقی ہی آپ کے اچھے یا برے ہونے کی پہچان ہے۔بیرونی خوبصورتی آپ کی اصل خوبصورتی نہیں ہے، آپ کا باطن، (انسان کا اندر) آپ کی اصل اور کبھی نہ ختم ہونے والی خوبصورتی ہے۔
انسان تو نام ہی انسانیت کا ہے اور انسانیت آپ کے اچھے اخلاق اور خوش اخلاقی کے ہنر سے وجود میں آتی ہے۔
بغیر اچھے اخلاق، انسانیت اور خوش اخلاقی کے کوئی انسان ‘ انسان کہلانے کے لائق نہیں۔کیوں کہ اس کے بغیر انسان اور جانور میں کوئی فرق باقی نہیں رہتا،

اکثر دیکھا گیا ہے کہ جس انسان کا اخلاق اچھا ہوتا ہے لوگ اسے عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس سے بات کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔
خوش اخلاقی انسان کی فطرت میں ایک ایسی مٹھاس گھولتی ہے، کہ اس کا ہر عمل دوسروں کے لئے خوشگوار اور خوشی کا باعث بن جاتا ہے۔
خوش اخلاق انسان اللّٰہ رب العزت کو بہت پسند ہے، جبکہ خوش اخلاقی سے عاری انسان اللّٰہ تعالیٰ کو سخت ناپسند ہے۔
خوش اخلاقی اور ایک اچھا اخلاق رکھنے والا شخص انسانیت کے اعلیٰ درجے پر فائز ہوتا ہےاور اپنے اچھے اخلاق و عادات کی وجہ سے قیمتی بن جاتا ہے۔
مختصر لفظوں میں خوش اخلاقی کامیابی کا راز ہے ہر کامیاب شخص کی کامیابی کے پیچھے اس کے اچھے اخلاق ہوتے ہیں،
حسن اخلاق(خوش اخلاقی) کی وجہ سے انسان کی دنیا اور آخرت دونوں سنور جاتی ہیں۔

انسانی معاشرے کی بنیاد خوش اخلاقی پر قائم ہے۔
دین اسلام ہمارے لیے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اور اس (دین اسلام) سے ہمیں ہر طرح کی مکمل رہنمائی ملتی ہے۔ ہمارے پیارے نبیؐ اعلیٰ حسنہ اخلاق کے مالک تھے آپؐ کی حیات طیبہ پوری انسانیت کے لئے ایک بہترین عملی نمونہ ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے کہ
لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ۔
"بے شک رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں تمہارے لیے بہترين نمونہ ہے۔،(سورۃ الاحزاب، 22)

ایک اور جگہ پر اللّٰہ رب العزت نے فرمایا کہ
” بیشک ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اخلاق کے اعلیٰ درجے پر فائز کیا ہے آپؐ کا قول و فعل اعلیٰ ہے، پس’’لوگوں کے ساتھ اچھے اخلاق کا معاملہ کرو‘‘

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
مومنین میں زیادہ کامل ایمان والے وہ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہوں۔

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ روایت کرتی ہیں کہ” نبی کریم ﷺ چلتے پھرتے قرآن تھے” ۔

اسی طرح دین اسلام میں ہمیں اخلاق اور اس کی اہمیت کے بارے میں بہت سی اسلامی تعلیمات ملتی ہیں۔
ہمارے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ مکمل نمونہ حیات ہے، اور آپ ﷺ خوش اخلاقی کے عظیم الشان مرتبے پر فائز ہیں۔
خوش اخلاقی کی صلاحیت آپ کے اندر قدرت کی طرف سے موجود ہے، یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اسے کیسے اپنے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اور اگر آپ اس صلاحیت سے محروم ہیں، تو اللہ تعالیٰ نے اس کو آپ کے اندر پیدا کرنے کی صلاحیت کہیں نہ کہیں تو ضرور رکھی ہو گی۔
اب یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم میں سے ہر شخص یہ خواہش رکھتا ہے کہ دوسرے لوگ اس سے اچھے اخلاق یا خوش اخلاقی سے پیش آئیں لیکن اس پر خود عمل کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔
ہمیں چاہیے کہ اپنے اندر خوش اخلاقی جیسی عظیم صفت پیدا کریں، کیونکہ ہمارے اندر کی یہی صفت ہماری دنیا بدل کر رکھ دے گی ۔
آج معاشرے میں خوش اخلاقی کا فقدان نسل نو کے بگاڑ کی بنیادی وجہ ہے۔
اسلئیے ہمیں چاہیے کہ ہم اچھی اخلاقیات اپنائیں،اللّٰہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں اور سنت کے مطابق اپنی زندگی گزاریں، یہ زندگی بہت قیمتی چیز ہے اور یہ ہمیں ایک ہی بار ملنی ہے۔
تو کیوں نہ ہم اپنی اس زندگی کو بامقصد بنائیں، خود کو بہتر بنائیں،خوش رہیں خوشیاں بانٹیں، دوسروں کے کام آئیں، زندگی ایسے گزاریں کہ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں بستے رہیں۔اور اس کے لیے کبھی فرصت کے لمحات میں اپنے اندر تبدیلی پیدا کرنے کا سوچیں۔
اللہ رب العزت ہمارے نیک مقاصد میں ہمارا حامی و ناصر ہو۔آمین

@_aqsasiddique

Shares: